امسال باچا خان بابا ،خان عبدالولی خان کی برسی تقریبات جوش و خروش کے ساتھ صوبہ بھر میں منائی جائینگی،امیر حیدر ہوتی

تقریبات کا آغاز19جنوری کو چارسدہ میں باچا خان نائٹ سے کیا جائیگا،20جنوری کو مرکزی تقریب باچا خان مرکز میں منعقد ہو گی،مرکزی و صوبائی قیادت شرکت کریگی،کتابوں کے سٹالز سمیت خدائی خدمتگاروں کے زیر استعمال اشیا کی رونمائی بھی کی جائیگی،صوبائی صدر عوامی نیشنل پارٹی

جمعہ 4 جنوری 2019 20:36

امسال باچا خان بابا ،خان عبدالولی خان کی برسی تقریبات جوش و خروش کے ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جنوری2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ امسال باچا خان بابا اور رہبر تحریک خان عبدالولی خان کی برسی تقریبات جوش و خروش کے ساتھ صوبہ بھر میں منائی جائیں گی جبکہ اس سلسلے میں 20جنوری کو مرکزی تقریب باچا خان مرکز میں منعقد ہو گی، برسی تقریبات کے حوالے سے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ 19جنوری کو ہفتہ باچا خان کا آغاز چارسدہ میں باچا خان نائٹ کی تقریب سے ہو گاجبکہ 20جنوری کو مرکزی تقریب باچا خان مرکز میں منعقد ہو گی، انہوں نے کہا کہ 24جنوری کو بنوں میں اے این پی کے نوجوان کارکنوں کی بڑی ریلی کا انعقاد کیا جائے گا، اسی طرح 19تا27جنوری مختلف اضلاع میں پروگرام منعقد کئے جائیں گے جن میں مشاعرے،سٹیج ڈرامے ،خاکے،تقاریری مقابلوں کا انعقادکیا جائے گا ، ان پروگراموں میں شعراء اور ادیب باچا خان اور ولی خان سمیت خدائی خدمتگار تحریک کے حوالے سے مقالے بھی پیش کریں گے،،امیر حیدر خان ہوتی نے تمام پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اکابرین کی برسی تقریبات میں بھرپور جوش اور ولولے سے شرکت یقینی بنائیں ، انہوں نے مزید کہا کہ برسی تقریبات کے دوران کتابوں کے سٹالز سمیت خدائی خدمتگاروں کے زیر استعمال اشیا کی رونمائی بھی کی جائے گی،انہوں نے کہا کہ اس بار برسی تقریب کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ ہفتہ باچا خان کی مناسبت سے باچا خان مرکز 8کتابوں کی اشاعت یقینی بنائے گا،انہوں نے کہا کہ 26جنوری کو اس بار خان عبدالولی خان کے دن کے طور پر منایا جائے گا اور اس حوالے سے پروقار تقریب باچا خان مرکز میں منعقد ہو گی،صوبائی صدر نے تمام اضلاع کے صدور کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں19تا27جنوری ہفتہ باچا خان اور ولی خان انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائیں اور منعقدہ تقاریب میں ہدایات کے مطابق پارٹی کی تمام تنظیمیں، ذیلی تنظیمیں اور کارکنوں کی بھرپور شرکت یقیی بنائیں۔