واسا غیر قانونی کنکشن منقطع اور انکے خلاف قانونی چارہ جوئی کرے، پانی کی قلت کو مد نظر رکھ کر قانونی طور پر کنکشن لگائے جائیں،صوبائی وزیر واسا نورمحمد دمڑ

جمعہ 4 جنوری 2019 23:32

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جنوری2019ء) صوبائی وزیر پی ایچ ای/واسا حاجی نور محمد دمڑ کی زیر صدارت واسا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس ہوا جس میں میئر کوئٹہ سٹی ڈاکٹر کلیم اللہ خان سیکرٹری پی ایچ ای عبدالفتح بھنگر‘ سیکرٹری قانون عبدالرحمان بزدار ‘ سیکرٹری خزانہ نور الامین مینگل‘ ڈپٹی میئر یونس بلوچ ‘ ایم ڈی واسا مجیب الرحمان قمبرانی‘ڈی جی کیو ڈی اے محمد طارق اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے صوبائی وزیر حاجی نور محمد دمڑ نے کہا کہ پانی اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے پانی کے بغیر کوئی جاندار زندہ نہیں رہ سکتا ماحول اور کائنات کی خوبصورتی میں پانی کا اہم کردار ہے ہم سب کو دعا کرنی چاہئے کہ اللہ تعالیٰ باران رحمت ہم پر برسائے تاکہ یہ طویل خشک سالی ختم ہو سکے اور پانی کی قلت پر پابو پایا جا سکے انہوں نے کہا کہ واسا کے اہلکاروں کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ کوئٹہ کے لوگوں کے پانی کا مسئلہ حل کرنے کیلئے دن رات کوشاں رہیں پانی انسان کی زندگی کی اشد ضرورت ہے اس میں کسی کی کوتاہی سے عوام پر براہ راست اثر پڑتا ہے پانی کی فراہمی میں واسا کے تمام اہلکاروں کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی ہوں گی صوبائی وزیر نے اس ضمن میں کہا کہ واسا غیر قانونی کنکشن منقطع کرے اور ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے لوگوں کے پانی کی قلت کو مد نظر رکھ کر قانونی طور پر کنکشن لگائے جائیں واسا اپنا ریونیوبڑھانے کیلئے لوگوں سے ریکوری کو بہتر کرے تاکہ واسا اپنے پائوں پر کھڑاہوکر اپنی مالی ضروریات خود پوری کرے قبل ازیں ایم ڈی واسا مجیب الرحمان قمبرانی نے صوبائی وزیر پی ایچ ای /واسا اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے دیگر ممبران کو محکمانہ بریفنگ دی تمام اراکین نے واسا کی کار کر دگی کو بہتر بنانے کیلئے تجاویز دیں اور کہا کہ عوام کو پانی کی فراہمی بہتر بنانے کیلئے مثبت پالیسیوں اور اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ واسا کی کار کر دگی کو بہتر بنانے کیلئے تین ماہ میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس منعقد کیاجائیگا تاکہ معاملات کو احسن انداز میں چلایاجاسکے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں محکمہ کی بہتری کیلئے 14نکات کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی ۔