Live Updates

پشاور،سی بی اے اور پسکو انتظامیہ کے مابین پسکو ورکروں کو درپیش مسائل کے حوالے سے اجلاس

جمعہ 4 جنوری 2019 23:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جنوری2019ء) آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین ( رجسٹرڈ) سی بی اے اور پسکو انتظامیہ کے مابین پسکو ہیڈ کوارٹر پشاور میں پسکو ورکروں کو درپیش مسائل کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو پسکو ڈاکٹر امجد خان ،ڈی جی ایچ آر اقبال حیدر، ایچ آر ایم انصار حسین‘ ڈی جی سروسز خورشید احمد‘ ڈائریکٹر لیگل اینڈ لیبر شکیل احمد اور یونین کے صوبائی چیئرمین حاجی محمد اقبال ‘ سیکرٹری نور الامین حیدر زئی‘ ڈپٹی چیئرمین جمیل اختر تنولی‘ ڈپٹی سیکرٹری پیر اشفاق کے علاوہ دیگر صوبائی قائدین اور صوبہ بھر سے زونل نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس میں پسکو انتظامیہ کو پسکو میں سٹاف کی شدید کمی اور صوبہ بھر میں بجلی چوروں کنڈا کلچر اور نادہندہ صارفین کے خلاف جاری آپریشن ، پنشن ، ٹی اے بلز اور آف ڈے ویجز کی ادائیگی میں غیر معمولی تاخیر ، پسکو کے دفاتر میں گاڑیوں کی کمی اور بجٹ سمیت رینکرز لائن سپرنٹنڈنٹس سے ڈینجر الائونس کی کٹوتی ، ہیلتھ کیئر پالیسی میں سقم ،ٹیسٹ انسپکٹر ز ، ایس ایس او ون اور ایل ایس ون و دیگر کی اپ گریڈیشن اور دوران ڈیوٹی پسکو کے شہداء کے لواحقین کو خصوصی معاوضہ میں غیر معمولی تاخیر اور پسکو اہلکاروں کے خلاف غیر منصفانہ انکوائریوں پر تفصیلی گفت و شنید کی گئی۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو پسکو ڈاکٹر امجد خان اور ڈی جی ایچ آر اقبال حیدر نے یونین کے قائدین کو یقین دلایا کہ سٹاف کی کمی کو دور کرنے کیلئے پسکو میں خالی آسامیوں پرعنقریب بھرتی کاعمل شروع کیا جائے گا۔جبکہ گاڑیوں کی فراہمی ، پنشن ، آف ڈے ویجز اور ٹی اے بلز کی ادائیگی کو بروقت یقینی بنایا جائے گا جبکہ رینکر ایل ایس ٹو اور ہیلتھ کیئر پالیسی میں سقم پر نظر ثانی کے لئے واپڈا اتھارٹی رجوع کیا جائے گا۔

نیز وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق بجلی چوروں‘ کنڈا کلچر اور نادہندہ صارفین کے خلاف جاری مہم کو منطقی انجام تک پہنچا کر پسکو کو ایک منافع بخش ادارہ بنایا جائے گا۔ جبکہ کرپشن میں ملوث پسکو اہلکاروں اور افسران کے خلاف شفاف اور غیر جانبدارانہ انکوائری کے بعد بھر پور ایکشن لیا جائے گا۔ یونین کے قائدین نے چیف ایگزیکٹو کو اپنی بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات