Live Updates

نواز لیگ سیاسی یتیم ہو چکی اب پیپلز پارٹی کی باری ہے ‘عبدالعلیم خان

عمران خان اپوزیشن کے اعصاب پر سوار پی ٹی آئی نے چوروں کو اکٹھا ہونے پر مجبور کر دیا‘سینئر وزیر کی گفتگو

جمعہ 4 جنوری 2019 23:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جنوری2019ء) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عمران خان اپوزیشن کے اعصاب پر سوار ہو چکے ہیں اور نواز شریف سے لے کر آصف زرداری تک سب کو سوتے جاگتے پی ٹی آئی کی کارکردگی کی فکر لاحق ہے جس نے ان سب چوروں کو ایک بار پھر اکٹھا ہونے پر مجبور کر دیا ہے ،انہوں نے کہا کہ نواز لیگ سیاسی یتیم ہو چکی اب پیپلز پارٹی کی باری ہے ،سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے پبلک سیکرٹریٹ میںمقامی پارٹی رہنماؤں و کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کی تحقیقات پر اپوزیشن کا رویہ سوال گند م جواب چنا کے مترادف ہے جن کے پاس اپنی صفائی پیش کرنے کیلئے کچھ نہیں وہ دوسروں پر الزام تراشی کر کے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا چاہتے ہیں ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ کسی کو غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے ،عمران خان اقتدار کی قیمت پر کسی طور احتساب پرسمجھوتہ نہیں کرینگے ،انہوں نے کہا کہ بعض عناصر سازشی تھیوری کے ذریعے بے یقینی کی فضا پیدا کرنا چاہتے ہیں انہیں سمجھ جانا چاہیے کہ تحریک انصاف کی سیاسی جدوجہد کے باعث روائتی اور خاندانی سیاست آخری سانسیں لے رہی ہے اور اب نواز شریف اور آصف زرداری کا اتحاد رہی سہی کسر نکال دے گا اور عوام کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہوگا ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کو مالی لحاظ سے دیوالیہ کرنے اور کرپشن کا گڑھ بنانے والے پوتر ہونے کا ڈرامہ نہ کریں اُن کی اصلیت کھل کر سامنے آ گئی ہے اور صاف پانی کے منصوبے سے لے کر اورنج لائن ٹرین تک مالی بد انتظامیاں ثابت کر رہی ہیں کہ کیسے شریف برادران نے دونوں ہاتھوں سے قومی خزانے کو لوٹا ہے ، سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ آصف زرداری کو پنجاب کے دورے سے مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا انہیں پنجاب کی بجائے جیل یاترا کی تیاری کرنی چاہیے ،ایک ایک کر کے اُن کے سارے فرنٹ مین ایکسپوز ہو رہے ہیں اور وہ وقت دور نہیں کہ جب دوبارہ نواز شریف اور آصف زرداری کسی نئے "مذاق جمہوریت"پر دستخط کر رہے ہوں گے ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ اپوزیشن حکومت کی کارکردگی کے بارے میں ہرگز فکر مند نہ ہو ہمیں اپنے اہداف کا بخوبی علم ہے جن کے حصول کیلئے درست ٹریک پر کام جاری ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات