کشمیر ہمارے ہاتھ سے نکل گیا، وادی کشمیر پر بھارت کا کنٹرول مکمل طور پر ختم ہو گیا ہے

بھارتی فوج صرف کشمیریوں کو مار رہی ہے، کشمیری بھارت سے شدید نفرت کرتے ہیں۔ سابق بھارتی وزیر خارجہ یشونت سنہا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 5 جنوری 2019 12:32

کشمیر ہمارے ہاتھ سے نکل گیا، وادی کشمیر پر بھارت کا کنٹرول مکمل طور ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 جنوری 2019ء) : بھارت کے سابق وزیر خارجہ یشونت سنہا کا کہنا ہے کہ کشمیر بھارت کے ہاتھ سے نکل گیا ہے۔ ایک انٹرویو کے دوران یشونت سنہا نے کہا کہ بھارت نے کشمیر کو کھو دیا ہے۔ بھارتی فوج صرف اپنی طاقت کی وجہ سے زبردستی وہاں قابض ہے۔ بھارتی فوج صرف کشمیریوں کو مار رہی ہے جس کی وجہ سے کشمیری بھارت سے سخت نفرت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر کو کھو نہیں رہے بلکہ کھو چکے ہیں۔ بھارت مسائل کو حل کرنے کے لیے صرف فوج پر یقین کر رہا ہے، کوئی اتفاق رائے نہیں، نہ جمہوریت ہے اور نہ ہی انسانیت۔ لیکن سراسر ظالمانہ طریقہ استعمال کیا جا رہا ہے کہ فوج جتنے کشمیری مار سکتی ہے مار دے۔ یشونت سنہا نے کہا کہ کشمیریوں کے دل میں بھارت کے لیے نفرت نیپالیوں سے بھی کئی گنا زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا بھارت نے کشمیریوں سے اپنے تعلقات کو تباہ کرلیا ہے، صرف اٹل بہاری واجپائی کشمیر میں فوج کی بجائے انسانیت کی پالیسی کو مانتے تھے۔ یاد رہے کہ حال ہی میں ایک رپورٹ سامنے آئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑنے میں بھارت نے اسرائیل کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2018ء میں اسرائیل نے 312 فلسطینی شہید کیے جب کہ بھارت نے 355 کشمیریوں کو شہید کیا۔

اسرائیل کے صہیونی حکومت نے 2018ء کے آغاز سے 312 فلسطینیوں کو شہید کیا ۔ عرب اخبار کے مطابق اسرائیلی حکومت نے غزہ کی پٹی پر 271 کو اور مغرب بینک میں 42 دیگر فلسطینیوں کو شہید کیا۔شہید ہونے والوں میں 6 خواتین اور 57 بچے شامل تھے۔ لیکن بھارت نے مظالم ڈھانے میں اسرائیل کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ آئے روز کشمیر میں بھارتی مظالم کی کئی خبریں موصول ہوتی ہیں لیکن افسوس عالمی ادارے بھی ان مظالم پر خاموش ہیں۔