اپنی دلہن کو دیکھ کر دلہا آبدیدہ

لاہور کے رہائشی ایک نوجوان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، صارفین کے دلچسپ تبصرے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 5 جنوری 2019 14:51

اپنی دلہن کو دیکھ کر دلہا آبدیدہ
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 جنوری 2019ء) : نوجوان نسل کے اپنی شادی کو لے کر بہت سارے خواب ہوتے ہیں جن میں سے کئی پورے ہوتے ہیں اور کئی ایسے ہی ادھورے رہ جاتے ہیں۔ گذشتہ برس برطانوی شہزادہ ہیری کی میگھن مارکلے سے شادی ہوئی تو میگھن مارکلے کو چرچ میں آتا دیکھ کر شہزادہ ہیری خوشی سے آبدیدہ ہو گئے۔ یہی وہ لمحہ تھا جو ہر پاکستانی لڑکی کے دل کو چُھو گیا اور اکثر نوجوان لڑکیوں نے خواہش ظاہر کی کہ کاش ان کا دلہا بھی انہیں اسٹیج تک آتا دیکھ کر ایسے ہی جذباتی ہو جائے اور فرط جذبات میں رو پڑے۔

یہی نہیں نک جونس اور پریانکا چوپڑا کی شادی پر بھی نک جونس کو خوشی سے لبریز ہو کر آبدیدہ ہوتے اور آنسو صاف کرتے دیکھا گیا تھا۔ باقی لڑکیوں کا تو علم نہیں ، لیکن لاہور کی رہائشی ایک لڑکی کا یہ خواب ضرور پورا ہو گیا۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر لاہور میں منعقد ہوئی ایک شادی کی تقریب میں دلہا اپنی دلہن کو دیکھتے ہی آبدیدہ ہو گیا اور اپنے آنسو صاف کرنے لگا۔

دلہن کی انٹری پر کوک اسٹوڈیو کا ایک گانا چلایا گیا جس نے دلہے کو مزید جذباتی کر دیا۔ حسان نامی اس دلہے کی دلہن کو دیکھ کر رونے اور اپنے آنسو صاف کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی مقبول ہوئی جس پر صارفین نے کئی دلچسپ تبصرے کیے۔ حسان کی یہ ویڈیو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے:

سوشل میڈیا پر اس ویڈیوکو دیکھ کر کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ یہ شادی گولز ہیں، جبکہ سوشل میڈیا پر موجود کئی خواتین صارفین نے بھی ایسا ہی دلہا پانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

کئی صارفین نے مردوں کا اپنی مردانگی کو علیحدہ رکھ کر اپنے جذبات کے اظہار کے اس طریقے کو خوب سراہا۔ویڈیو وائرل ہونے پر جب دلہا حسان سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ مجھے اُمید نہیں تھی کہ کیمرے کی آنکھ مجھے پکڑ لے گی اور یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی راتوں رات اتنی مقبول ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی ساری زندگی ہیرو بننا چاہتا تھا اور اُس دن مجھے واقعہ لگا کہ میں ہیرو بن گیا ہوں۔

مجھے کوئی اداکاری نہیں کرنا پڑی، میں جو تھا سب کے سامنے تھا۔ حسان کا کہنا تھا کہ مجھے اُمید ہے کہ میری یہ ویڈیو اُن تمام نوجوانوں کو اپنے جذبات کا اظہار کرنے کا حوصلہ دے گی جو صرف اس ڈر سے اپنے جذبات پر قابو رکھتے ہیں کہ '' لوگ کیا کہیں گے''۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے خیال میں یہی صحیح وقت ہے کہ ہمیں تمام رکاوٹوں کو عبور کر کے اپنی زندگی میں موجود اچھی چیزوں اور اچھے لوگوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئیے۔

متعلقہ عنوان :