وہ تباہ کن فیصلے جنہوں نے بڑی بڑی کمپنیوں کو بند کردیا

Ameen Akbar امین اکبر ہفتہ 5 جنوری 2019 23:30

وہ تباہ کن فیصلے جنہوں نے بڑی بڑی کمپنیوں کو بند کردیا

کہتے ہیں کہ اچھا فیصلہ تعداد کی بجائے  علم کی بنیاد پر کیا جاتا ہے ۔ اچھا فیصلہ اگر بروقت نہ لیا جائے تو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔ ماضی میں چند بڑی کمپنیوں کے سربراہوں کی طرف سے کیے گئے فیصلوں کو آج دیکھیں تو حیرت ہوتی ہے کہ کتنے چھوٹے چھوٹے فیصلوں کی وجہ سے بڑی بڑی کمپنیاں تباہ ہو گئیں۔ یہاں ہم آپ کو اُن چند تباہ کن فیصلوں کے بارے میں بتائیں گے جن کی وجہ سے کمپنیوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔


•    ایک دوکان، سب کےلیے۔ سیئرز(Sears) ایک بہت بڑا نام تھا۔اپنے نیٹ ورک  اور انفراسٹرکچر کی وجہ سے  یہ ای کامرس کے  بے تاج بادشاہ ہو سکتے تھے لیکن انہوں نے آن لائن شاپنگ اور انٹرنیٹ  کو ایک وقتی ابال سمجھا ، جس کی وجہ سے ایمزون اور ای بے نے اسے کہیں پیچھے چھوڑ دیا۔

(جاری ہے)


•    ایک وقت تھا جب یاہو نے گوگل کو خریدنے سے انکار کر دیا تھا، فیس بک کو خریدنے میں ناکام ہوا اور مائیکروسافٹ کی خریداری کی پیش کش  کو ٹھکرا دیا۔

یہ سب غلطیاں کمپنی کے لیے تباہ کن ثابت ہوئیں۔
•    رٹنر جیولرز کے گیرالڈرٹنر نے اپنےکاروبار سے کئی ملین ڈالر کمائے۔ کئی سالوں بعد انہوں نے 6000 افراد کے مجمعے کے سامنے تقریر کرتے ہوئے کہا  کہ اُن کی مصنوعات بالکل بکواس ہوتی تھیں ، اسی لیے وہ انہیں کم قیمت پر فروخت کرتے تھے۔ چند دنوں میں کمپنی تباہ ہوگئی اور اس کے شیئر کی مالیت 500 ملین یورو کم ہوگئی۔


•    ”ورڈ سٹار“ ورڈ پراسیسر سافٹ وئیر ایم ایس  ڈاس کے لیے کافی مقبول سافٹ وئیر تھا۔ جب ونڈوز آپریٹنگ سسٹم متعارف کرایا گیا  تو ورڈ سٹار نے ونڈوز سے مطابقت رکھنے والا ورژن متعارف کرانے میں کافی دیر کر دی۔ جس کی وجہ سے مائیکروسافٹ ورڈ نے ورڈ سٹار کا بالکل ہی صفایا کر دیا۔
•    آئی فون سے پہلے موبائل فونز کی 70 فیصد مارکیٹ پر نوکیا کا راج تھا۔

نوکیا نے سمارٹ فون کی مارکیٹ میں داخل نہ ہونے کا فیصلہ کیا۔ آج نوکیا سمارٹ فون کی مارکیٹ میں آ تو گیا ہے لیکن  سال 2018 کی پہلی سہ ماہی میں اس کا مارکیٹ شیئر 1.1 فیصد ہے۔
•    کبھی بارڈرز سب سے مقبول بک سٹور تھا۔ انٹرنیٹ آیا تو انہوں نے اس کی مقبولیت کو عارضی سمجھا۔ انہیں بہت سے آن لائن آرڈر ملے ۔ آرڈر پورا کرنے کے لیے  بارڈرز نے ایمزون بکس کی خدمات حاصل کیں اور اپنے صارفین کو ہنسی خوشی ایمزون کےحوالے کر دیا۔

کچھ سالوں بعد کمپنی  دیوالیہ ہوگئی۔
•    کوڈک نے فلم فوٹو گرافی پر اپنی توجہ مرکوز رکھ کر  خود کو تباہ کیا۔ کمپنی کے انجینئروں نے ڈیجیٹل فوٹو گرافی کو ڈویلپ کر لیا تھا لیکن کمپنی کو خوف تھا کہ اس کا فلم فوٹو گرافی کا  کاروبار ٹھپ نہ ہوجائے۔ 2012 میں کمپنی کو اس کا خمیازہ دیوالیہ ہو کر ادا کرنا پڑا۔ 2013 میں کمپنی پھر شروع ہوئی لیکن اس میں پہلے والی بات نہ تھی۔


•    بلاک بسٹر ایک مقبول ویڈیو رینٹل  کمپنی تھی۔ 2000ء میں انہوں نے 50 ملین ڈالر کے عوض نیٹ فلکس کو خریدنے سے انکار کر دیا۔ بلاک بسٹر کا خیال تھا کہ نیٹ فلکس ایک چھوٹا کاروبار ہے۔     2010 میں بلاک بسٹر نے دیوالیہ کے لیے درخواست دے دی اور 2014 میں کمپنی کے تمام سٹور بند ہوگئے۔
•    اوسبورن کمپیوٹر نے سب سے پہلے پورٹیبل کمپیوٹر متعارف کرائے۔ انہوں نے اپنے جدید ترین کمپیوٹر کا اعلان اتنی پہلے کر دیا کہ لوگوں نے کمپنی کے موجودہ کمپیوٹر خریدنے بند کر دئیے تاکہ بعد میں جدید کمپیوٹر خرید سکیں۔ اس کا اثر کمپنی کی آمدن پر پڑا اور کمپنی دیوالیہ ہو گئی۔