امریکا کے سابق وزیر دفاع ہیرالڈ براؤن کی رحلت

اتوار 6 جنوری 2019 15:50

واشنگٹن ۔ 06جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جنوری2019ء) امریکا کے سابق وزیر دفاع ہیرالڈ براؤن 91 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ اٴْن کی رحلت کا اعلان امریکی ریاست کیلیفورنیا میں واقع انٹرنیشنل تھنک ٹینک رینڈ کارپوریشن کی جانب سے کیا گیا۔ ہیرالڈ براؤن امریکا کے انتالیسویں صدر جمی کارٹر کے دور میں پینٹاگون کے سربراہ تھے۔

(جاری ہے)

براؤن بنیادی طور پر جوہری طبیعیات کے سائنسدان تھے اور اٴْن کے دور میں امریکی وزارت دفاع کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے پروگرام کا آغاز ہوا تھا۔ براؤن نے امریکی محکمہ دفاع کے لیے کروز میزائلوں، اسٹیلتھ جنگی طیاروں اور جدید سیٹلائٹ نگرانی کے علاوہ بہتر مواصلاتی رابطوں کے پروگراموں کی منظوری بھی دی تھی۔ وہ 1977 میں وزیر دفاع بنے تھے۔