پاکستان اور چین کے درمیان آزمائشی بس سروس کی کامیابی کے بعد باضابطہ آغاز کردیا گیا

نارتھ سائوتھ ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کمپنی کے زیر انتظام بس پاکستان کے شہر لاہور سے چین کے تاریخی کاشغر کے درمیان چلے گی

اتوار 6 جنوری 2019 17:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جنوری2019ء) پاکستان اور چین کے درمیان آزمائشی بس سروس کی کامیابی کے بعد باضابطہ آغاز کردیا گیا ،نارتھ سائوتھ ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کمپنی کے زیر انتظام بس پاکستان کے شہر لاہور سے چین کے تاریخی کاشغر کے درمیان چلے گی ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق این ایس ٹی این کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد انور نے بتایا کہ اس سلسلے کی ابتدائی بسیں اپنے آزمائشی سفر مکمل کر چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بس لاہور، اسلام آباد اور گلگت بلتستان کے دلفریب علاقوں سے گزرتی ہوئی سوست کے مقام پر سرحد عبور کرکے چین داخل ہوتی ہے۔ بس کا ایک طرف کا سفر 36 گھنٹے جبکہ مجموعی طور پر دو طرفہ سفر تقریباً 72 گھنٹے کا ہے۔ مسافروں کے پاس بس پر سوار ہونے سے قبل ضروری سفری دستاویزات یعنی ویزہ وغیرہ کا ہونا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکیٹو آفیسر کے مطابق بس سروس کا آغاز کاروباری افراد کو سامنے رکھ کر کیا گیا ہے، ابتدائی دو بسوں میں چین جانے والے زیادہ تر افراد کا تعلق تاجر طبقے سے تھا، جبکہ چین میں پاکستانی طلبا ء کی بھی ایک بڑی تعداد موجود ہے جو اس بس سے فائدہ اٹھا سکے گی، جبکہ سیاح بھی بس کے سفر میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

محمد انور کا مزید کہنا تھا کہ ہماری اولین ترجیح کاروباری افراد ہیں جو پاکستان اور چین کے درمیان سفر کرنا چاہتے ہیں۔بس کا یکطرفہ کرایہ 13 ہزار جبکہ ریٹرن ٹکٹ 23 ہزار روپے رکھا گیا ہے۔ سی پیک کے روٹ پر چلائی جانے والی بس چین کی ہی ایک کمپنی کی تیارکردہ ہے جس میں ایک وقت میں 36 مسافر سوار ہو سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہر بس پر وائی فائی کے علاوہ موبائل فون کو چارج کرنے کی سہولت بھی موجود ہے اور بس میں سکیورٹی کے لئے کیمرے لگائے گئے ہیں اور مسلح محافظ بھی تعینات کیا گیا ہے۔

سیٹلائٹ کی مدد سے بس کی نقل و حرکت کو بھی سفر کے آغاز سے اختتام تک دیکھا جا سکتا ہے۔ دوران سفر کسی شخص کو بس میں سوار ہونے یا اسے چھوڑنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ صرف وہی شخص اس پر سفر کر پائے گا جس کے پاس چائنہ کا ویزہ اور دیگر ضروری سفری دستاویزات مکمل ہوں گی۔ پاکستان اور چین کی حکومتوں نے مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔