ایوان صدر اور گورنرہاوسیز کو شہریوں کے لئے کھولنے کے حکومتی اقدام کو عوام میں بہت پذیرائی ملی ہے

صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کا گورنر ہائوس میں ونٹیج اینڈ کلاسک ہارلے موٹر سائیکلز نمائش کے موقع پر گفتگو

اتوار 6 جنوری 2019 18:50

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جنوری2019ء) صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ایوان صدر اور گورنرہاوسیز کو شہریوں کے لئے کھولنے کے حکومتی اقدام کو عوام میں بہت پذیرائی ملی ہے ، گورنرسندھ عمران اسماعیل کا کراچی میں سماجی ، ادبی اور دیگر صحت مند سرگرمیوں کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ہے۔ گورنرہاوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاوس میں منعقدہ ہارلے ڈیوڈسن موٹرسائیکلز کے شو کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صدرمملکت نے کہا کہ ہمیں نئے اور پرانے کلچر کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے میں گورنرسندھ عمران اسماعیل کا کردار خوش آئند ہے۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ جلد گورنر ہاؤس میں تین روزہ ادبی فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گا جس میں تعلیم، ادب, ثقافت، سیمینارز، ورکشاپز، کتابوں کی نمائش سمیت دیگر تعمیری سرگرمیوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

عمران اسماعیل نے کہا کہ ونٹیج اینڈ کلاسک موٹر سائیکلز مالکان خصوصی طور قابل ستائش ہیں کہ جنہوں نے ان پرانی اور نایاب موٹر سائکلز کو سنھبال کر رکھا ہوا ہے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ونٹیج اور کلاسک موٹر سائیکلز کی نمائش کے انعقاد سے نوجوانوں میں بائیک مینو فیکچرنگ کی تاریخ کے بارے میں آگاہی حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موٹر سائکلز کی نمائش کے انعقاد سے موٹر سائیکلز کی ارتکاء اور ٹیکنالوجی سے بھی سہر حاصل آگاہی ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ گورنر ہائوس میں منعقدہ ونٹیج اینڈ کلاسک ہارلے ڈیوڈسن موٹر سائیکلزنمائش جس میں ملک کے مختلف شہروں سے آئی ہوئی بہترین کنڈیشن کی 50 ہارلے ڈیوڈ سن موٹر سائیکلز موجود تھیں۔ موٹر سائیکلزشرکاء کی توجہ کا مرکز بنی رہی اور لوگوں نے ان موٹر سائیکلز کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔