ْامیر حیدر خان ہوتی اور سردارحسین بابک کا خدائی خدمتگار شربت خان کے انتقال پر اظہار افسوس

اتوار 6 جنوری 2019 19:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جنوری2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی اور جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کرک سے تعلق رکھنے والے پارٹی کے بزرگ رہنما اور خدائی خدمتگار شربت خان کاکا کی وفات پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے پسماندگان سے دلی تعزیت کی ہے، اپنے تعزیتی بیان میں پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ مرحوم شربت خان کاکا خدائی خدمت گار تحریک اور باچا خان بابا کے دست راست تھے ،انہوں نے کہا کہ مرحوم نے روز اول سے خدایء خدمتگار تحریک میں حصہ لیا اور فرنگی سامراج سے آزادی دلانے میں اہم کردار ادا کیا ، صوبائی صدر نے کہا کہ شربت خان کاکا کی قربانیاں اور پارٹی کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں اور ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا شاید ہی کبھی پُر ہو سکے، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مرحوم کے مشن کو آگے بڑھانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے ، پارٹی رہنماؤں نے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے صبر جمیل کیلئے بھی دعا کی۔