Live Updates

پاکستان اور متحدہ عرب امارات کا افغانستان میں امن اور سلامتی کیلئے مشترکہ طورپر کام کر نے اور دہشتگردی کے خاتمے پر اتفاق

دونوں ممالک کے درمیان موجود دفاعی اور سکیورٹی تعاون پر اطمینان کااظہار، تربیت ،مشترکہ مشقیں اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں مزید تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار وزیر اعظم عمران خان اور ولی عہد نے منی لانڈنگ کے خلاف تعاون کیلئے متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کر دیں ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان کی دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف کے جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کی تعریف وزیر اعظم عمران خان نے ولی عہد کو مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور کشمیریوں کی حالت زار سے آگاہ کیا عمران خان نے یو اے ای کی جانب سے پاکستان کیلئے تین ارب ڈالر دینے کا شکریہ ادا کیا ولی عہد کا دورہ پاکستان اورمتحد ہ عرب امارات کے درمیان خصوصی تعلقات کی عکاس ،دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مذہب ، ثقاقت،تہذیب ، اعتماد اور ایک دوسرے کیلئے باہمی احترام پر مبنی ہیں ،مشترکہ اعلامیہ جاری یو اے ای 3 بلین ڈالر کاپہلے اعلان کرچکا ہے ،ْولی عہد کے دورے پرآئل ریفائنریز اورباقی معاملا ت پر بات چیت تقریباً فائنل ہوگئی ،ْ وزیراطلاعات چوہدری فواد حسین

اتوار 6 جنوری 2019 19:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جنوری2019ء) پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے افغانستان میں امن اور سلامتی کیلئے مشترکہ طورپر کام کر نے ،انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے ،دونوں ممالک کے درمیان موجود دفاعی اور سکیورٹی تعاون پر اطمینان کااظہار، تربیت ،مشترکہ مشقیں اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں مزید تعاون بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے منی لانڈنگ کے خلاف تعاون کیلئے متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کر دی ہیں جبکہ ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان نے دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف کے جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کی تعریف کی ہے ۔

اتوار کو ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان کے دورے کے بعد جاری مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ دونوں ممالک نے ہر طرح کی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے اس لعنت کو جڑ سے اکھاڑپھینکنے کے عزم کااظہار کیا ۔

(جاری ہے)

متحدہ عرب امارات کے ولی عہد نے دہشتگردی اور انتہا پسندی کیخلاف پاکستان کی قربانیوں کی تعریف کی ۔وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کیلئے امدادی پروگرام کے ذریعے پاکستان کی سماجی اور اقتصادی ترقی پر یو اے ای کی قیادت کا شکریہ ادا کیا ۔

انہوںنے پاکستان سے پولیو کے خاتمے کیلئے محمد بن زید النیہان کی امداد کا بھی شکریہ ادا کیا ۔ وزیراعظم عمران خان نے یو اے ای کے ولی عہد کو اپنی حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے اور حکومت میں ہر سطح پراحتساب اورشفافیت کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق آگاہ کیا ۔اعلامیہ میں کہاگیاکہ دونوں رہنمائوں نے وائٹ کالر جرائم جس میں منی لانڈرنگ بھی شامل ہے کے خلاف تعاون کیلئے اپنے متعلقہ اداورں کو ہدایت جاری کر دیں اس سلسلے میں دونوں رہنمائوں نے باہمی قانونی امداد سے متعلق معاہدے پر بھی گفتگو کی ۔

وزیر اعظم عمران خان نے افغانستان میں افغانوں کی قیادت میں امن عمل کیلئے پاکستانی کوششوں سے ولی عہد کو آگاہ کیا ۔انہوںنے گزشتہ ماہ ابو ظہبی میں افغان امن مذاکرات کی میزبانی کی تعریف کی ۔دونوں رہنمائوں نے افغانستان میں امن اور سلامتی کیلئے مشترکہ طورپر کام کر نے پر اتفاق کیا ۔مشترکہ اعلامیہ میں کہاگیا کہ ولی عہد کا دورہ پاکستان اورمتحد ہ عرب امارات کے درمیان خصوصی تعلقات کی عکاس ہے ۔

اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مذہب ، ثقاقت،تہذیب ، اعتماد اور ایک دوسرے کیلئے باہمی احترام پر مبنی ہیں ۔ وزیر اعظم عمران خان اور ولی عہد زید بن النہیان نے متحدہ عرب اور پاکستان کی ترقی ،ْ خوشحالی اور استحکام کیلئے کوششوں کا اظہار کیا ۔ولی عہد نے اپنے گرمجوشی سے استقبال پرپاکستان کا شکریہ ادا کیا ۔وزیر اعظم نے متحدہ عرب امارات کو2019کو برداشت کا سال قرار دینے پر مبارکباد دی ۔

انہوں نے کہاکہ یہ پالیسی شیخ زید بن سلطان النہیان کو خرا ج عقیدت پیش کر نے کا بہترین راستہ ہے ۔دونوں رہنمائوں نے بر داشت اور عدم مداخلت کی پالیسی پر گامزن رہنے کااعادہ کیا اور کہاکہ اس پالیسی کی بدولت خطے میں پائیدار امن اور ا ستحکام کے مقاصد حاصل کئے جاسکتے ہیں ۔دونوں رہنمائوں نے دونوں ممالک کے درمیان موجود دفاعی اور سکیورٹی تعاون پر اطمینان کااظہار کیا اور تربیت ،مشترکہ مشقیں اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں مزید تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ۔

اعلامیہ میں کہاگیاکہ وزیر اعظم اورعرب امارات کے ولی عہد نے کہاکہ اس سال فروری میں دونوں ممالک کے مشترکہ وزارتی کمیشن کااجلاس تعاون کیلئے ایک راہ نقشہ تیار کریگا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ اجلاس دونوں ممالک کے درمیان التواء میں پڑے معاہدوں کی منظوری دی جائیگی ۔ وزیر اعظم نے یو اے ای کی جانب سے پاکستان کیلئے تین ارب ڈالر دینے کا شکریہ ادا کیا جس سے پاکستان کو ادائیگی میں درپیش مشکلات حل ہونے میں مدد ملے گی ۔

انہوںنے کہاکہ یواے ای کی مالیاتی سپورٹ اس بات کا اظہار ہے کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان دوستی مضبوط ہے ۔انہوںنے پاکستان کے تیل و گیس ، لاجسٹک بندر گاہوں اور تعمیراتی شعبے میں یو اے ای کی دلچسپی کا خیر مقدم کیا ۔دونوں رہنمائوں نے باہمی سٹریٹجک ،اقتصادی تعلقات جس میں طویل المدتی سرمایہ فریم ورک معاہدہ بھی شامل ہے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس کو عملی جامہ پہنایا جائیگا ۔

انہوںنے تجارت بڑھانے کیلئے ایک ٹاسک فورس بنانے پر اتفاق کیا ۔وزیر اعظم عمران خان نے ولی عہد کو مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور کشمیریوں کی حالت زار سے آگاہ کیا ۔مشترکہ اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنمائوں نے مذاکرات میں تعلقات میں مثبت بہتری کا اشارہ کرتے ہوئے تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے عزم کااظہار کیا۔اعلامیہ کے مطابق انہوںنے اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبالدہ خیال کیا اعلامیہ کے مطابق اہم معاملات پر دونوں کے خیالات یکساں تھے ۔

قبل ازیں یو اے ای کے ولی عہد محمد بن زید وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر اتوار کو مختصر دورے پر پاکستان پہنچے۔اماراتی ولی عہد نور خان ائیربیس پر پہنچے تو وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر اعلیٰ حکومتی شخصیات اور اعلیٰ سول اور ملٹری عہدیداران نے ان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا۔مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے اور پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے معزز مہمان کو سلامی دی جس کے بعد انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیااور دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔

بعدازاں ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید نے وزیراعظم عمران خان سے اپنے وفد کا تعارف کروایا اور اس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے معزز مہمان سے کابینہ ارکان کا تعارف کرایا۔معزز مہمان شیخ محمد بن زید کی گاڑی وزیراعظم عمران خان خود چلاتے ہوئے وزیرِاعظم ہاؤس پہنچے جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان ون آن ون ملاقات کی۔متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کی وزیراعظم عمران خان سے ون آن ون ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے۔

پاکستانی وفد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات فواد چوہدری، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی اور سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ بھی شامل تھیں۔دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات اور باہمی و علاقائی اور عالمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النیہان پاکستان کے مختصر دورے کے بعد واپس یو اے ای روانہ ہوئے جہاں انہیں اعلیٰ پاکستانی حکام نے الوداع کہا۔

نور خان ائیر بیس پر معزز مہمان کو پرنسپل انفارمیشن افسر میاں جہانگیر نے دورے کی یادگاری البم پیش کی۔یاد رہے کہ محمد بن زاید النھیان نے اس سے قبل جنوری دو ہزار ساتن میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔پاکستان اور امارات کی قیادت کے درمیان تین ماہ میں ہونے والی یہ تیسرا اعلی سطح رابطہ ہے۔راستے میں دونوں ملکوں کے پرچم اور خیر مقدمی بینرز آویزاں کئے گئے تھے جو پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی اور مثالی تعلقات کی بھر پور عکاسی کرتے ہیں ،ْاستقبالیہ میں روایتی رقص بھی پیش کئے گئے جس میں پاکستان کے چاروں صوبوں کی ثقافت کے دلکش مناظر نمایاں تھے۔

دوسری جانب ولی عہد متحدہ عرب امارت کے دورے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ یو اے ای 3 بلین ڈالر کاپہلے اعلان کرچکا ہے ،ْولی عہد کے دورے پرآئل ریفائنریز پر بات فائنل ہوئی ہے ،ْ باقی معاملات پر بھی بات چیت فائنل ہوگئی ہے ،ْمتحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد زید بن النہیان کے دورہ پاکستان سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہونگے ۔

سرکاری ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہاکہ متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد زید بن النہیان کے دورہ پاکستان سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہونگے ۔انہوںنے کہاکہ متحدہ عرب امارات کے ولی عہد پاکستان کے دورے پر آئے ہیں ،ْولی عہد پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ ولی عہد نے وزیر اعظم عمران خان کو بتایا کہ وہ پچاس سال پہلے اپنے والد کے ساتھ پہلی بار پاکستان آئے تھے اور 1985تک پاکستان آتے رہے ۔

انہوںنے کہاکہ متحدہ عرب امارات نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ اور کھڑا ہوا ،ْ ولی عہدنے پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کیا ہے ۔وزیراطلاعات نے کہاکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے قریبی تعلقات ہیں اور ولی عہد کے دورے سے دوطرفہ تعلقات مزید گہرے ہونگے ۔ ایک سوال پرانہوںنے کہاکہ متحدہ عرب امارات نے پہلے ہی معاشی پیکج دے دیا ہے ،ْتین بلین ڈالر کا پہلے ہی اعلان کر چکا ہے ،ْولی عہد کے دورے کے موقع پر آئل ریفائنری کی سرمایہ کاری پر بات چیت فائنل ہوئی ہے اورباقی معاملا ت پر بات چیت تقریباً فائنل ہوگئی ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات