Live Updates

ملک کی تمام اکائیوں کو ملاکر نئی ایم کیوایم بنائیں گے ،

اس مقصد کیلئے دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہیں، ڈاکٹرفاروق ستار

پیر 7 جنوری 2019 16:10

ملک کی تمام اکائیوں کو ملاکر نئی ایم کیوایم بنائیں گے ،
کرا چی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جنوری2019ء) ایم کیو ایم پاکستان کے سابق کنوینر ڈاکٹر فاروق ستارنے کہاہے کہ وہ ملک کی تمام اکائیوں کو ملاکر نئی ایم کیوایم بنائیں گے اور اس مقصد کے لیے وہ دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے میں بھی ہیں، میئر کراچی کس کو خوش کر رہے ہیں مجھے نہیں معلوم، وہ زمین پر خدا بن کر لوگوں کا نقصان کر رہے ہیں،تحریک انصاف نے کراچی کو بھلا دیا ہے،شہر میں صرف توڑ پھوڑ ہورہی ہے ۔

پیرکوسٹی کورٹ کراچی میں لائوڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جس میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار پیش ہوئے۔ عدالت کیس کی سماعت23جنوری تک ملتوی کردی۔بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ انہیں مقدمات کی تاریخیں مل رہی ہیں لیکن کیس نہیں چل رہا، چاہے جتنے سیاسی مقدمات بنائیں لیکن ان کو چلایا جائے، جس طرح عام انتخابات میں دھاندلی ہوئی اس سے بانی ایم کیو ایم کی سیاست کو دوبارہ پھلنے پھولنے کا موقع ملے گا،ادارے فیصلہ کر لیں اس طرز عمل سے کیا بانی ایم کیو ایم کو واپسی دوبارہ لانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ علی رضا عابدی کے قتل سے خوف وہراس پیدا کیا گیا، ہمیں قانون نافذ کرنے والے ادارے آمدورفت سے منع کرتے ہیں، حکومت اور قانون نافذ کرنیوالوں کی ذمہ داری یہاں پوری نہیں ہوتی، سیاسی لیڈر گھر میں کیسے بیٹھ سکتا ہے۔فاروق ستار نے کہا کہ پی ٹی آئی کے حکومت میں آتے ہی کراچی کو نظر انداز کیا جارہا ہے ،ایک بات یاد رکھیں کراچی چلتا ہے تو ملک چلتا ہے، کراچی بیٹھ گیا تو معیشت بیٹھ جائے گی، عمران خان سے کہتا ہوں کراچی سمیت پورے سندھ کو دیکھیں، کراچی میں بجلی پانی ٹرانسپورٹ کے مسائل کو حل کریں، کراچی کو چھوڑ کر پورے پاکستان میں پبلک ٹرانسپورٹ ہے۔

انہوں نے کہاکہ میئر کراچی کس کو خوش کر رہے ہیں مجھے نہیں معلوم، وہ زمین پر خدا بن کر لوگوں کا نقصان کر رہے ہیں، میئر وسیم اختر کو عامرخان، کنور نوید اور خالد مقبول صدیقی روکیں، ایم کیو ایم کے بچے کچے ووٹ بینک کو بھی تباہ کیا جارہا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ خالد مقبول صدیقی اور ایم کیو ایم پاکستان کے دیگر رہنما اپنے اثاثے سامنے لائیں۔انہوں نے کہاکہ ہم ایک نئی ایم کیو ایم بنائیں گے، متحدہ قومی کونسل بنانے کا بہت جلد اعلان کروں گا، جس میں ملک کی تمام اکائیوں کو ساتھ ملائیں گے، میئر کراچی کس کو خوش کر رہے ہیں مجھے نہیں معلوم، وہ زمین پر خدا بن کر لوگوں کا نقصان کر رہے ہیں،اس میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ شامل ہوں گے
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات