تین روزہ یونیورسٹی آف سندھ ماڈل یونائٹیڈ نیشنس کانفرنس کراچی سے کشمیر تک روابط کا اہم سنگ میل ثابت ہوئی ہے‘ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت

پیر 7 جنوری 2019 19:30

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جنوری2019ء) تین روزہ یونیورسٹی آف سندھ ماڈل یونائٹیڈ نیشنس (یو ایس من) کانفرنس کراچی سے کشمیر تک روابط کا اہم سنگ میل ثابت ہوئی ہے، جس میں ملک بھر سے طلباء شریک ہوکر اقوام متحدہ کے طرز پر قائم کمیٹیوں کے سیشنس میں اپنے بھرپور صلاحیتوں کا اظہار کیا اور وہ ثابت کرکے دکھایا کہ یہ نوجوان انٹرنیشنل فورمز پر بھی اعتماد سے بات کر سکتے ہیں اور اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنی آواز بھرپور طریقے سے پیش کر سکتے ہیں یہ منفرد نوعیت کی عالمی معیار کی کانفرنس تھی، جس میں شرکت کرنے والوں کو ملکی و بین الاقوامی اشوز پر بحث مباحثہ کرکے اور اپنے موقف کو دلائل کے ذریعے منوانے کا موقعہ ملا، مستقبل میں بھی اس قسم کے پروگرامز کا سلسلہ جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے تین روزہ یونیورسٹی آف سندھ ماڈل یونائٹیڈ نیشنس (یو ایس من - سیکنڈ ایڈیشن) کانفرنس کے اختتامی تقریب کو صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہید بینظیر بھٹو کنوینشن سینٹر کے مرکزی ہال میں ہونے والی اس تقریب کے مہمان خصوصی امریکا سے آئے ہوئے ورلڈ بینک کے ماہر اور مشہور بزنس مین علی نواز میمن تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ نے مزید کہا کہ جامعہ سندھ اس وقت ترقی کا نیا سفر شروع کر چکی ہے اور نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کا مرکز بن چکی ہے اس جامعہ کے باصلاحیت طلباء و طالبات، قابل اساتذہ کی زیر نگرانی تعلیم کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی خود کو منوا کر جامعہ کا نام روشن کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ سندھ میں زیر تعلیم 32 ہزار سے زائد طلباء میری طاقت ہیں اور اساتذہ، افسران و ملازمین میرے مددگار ہیں، جن کی مدد سے جامعہ روز بروز نئی کامیابیاں حاصل کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ یو ایس مین جیسی کانفرنسز جامعہ کی ایک نئی پہچان بن رہی ہیں اور علامہ آئی آئی قاضی جیسے عظیم بزرگوں نے جو شمع جلائی تھی وہ اب مشعل بن چکی ہے انہوں نے مزید کہا کہ مسلسل سفر بلآخر منزل مقصود تک پہنچاتا ہے انہوں نے کہا کہ آج کے طالب علم مستقبل کے لیڈر ہیں، جن کو اپنے اپنے شعبے میں سربراہ کا کردار ادا کرنا ہے۔

ان طلباء و طالبات کی صلاحیتوں کو دیکھ کر ہمیں اپنا مستقبل روشن نظر آ رہا ہے۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر برفت نے امریکا سے آئے ہوئے معزز مہمان علی نواز میمن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر بیورو آف اسٹیگس کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سمیرا عمرانی اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی علی نواز میمن نے کہا کہ اس پروگرام میں شریک ہو کر مجھے انتہائی خوشی محسوس ہو رہی ہے، پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت کی کوششوں کے نتیجے میں جامعہ سندھ دن بہ دن ترقی کی نئی منزلیں طئہ کر رہی ہے۔

ایک بہترین منتظم، بہترین روایتوں اور پروگرامز کے ذریعے اداروں کو نئی اور منفرد پہچان دیتا ہے اور ڈاکٹر برفت یہ کردار کامیابی سے ادا کر رہے ہیں، جس کی مثال اس قسم کے شاندار پروگرامز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے نوجوان باصلاحیت ہیں، جنہیں صرف مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے، انہیں معیاری تعلیم اور تربیت کے مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ ملکی سطح کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر بھی اپنے آپ کو منوا سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماڈل یونائٹیڈ کانفرنس نوجوانوں کی ذہنی نشونما، صلاحیات، ہمت حوصلے اور خود اعتمادی میں اضافہ کرتی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اپنی زمانہ طلب علمی کی خوبصورت یادوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ جب 60 کی دہائی میں الوناء یونیورسٹی امریکا میں زیر تعلیم تھے تب اس نے وہاں ماڈل یونائٹیڈ نیشنس پروگرام کیا تھا، جس میں انہوں نے اس وقت کے وزیر خارجہ ذوالفقار علی بھٹو کو مہمان خصوصی کی حیثیت میں شریک ہونے کی دعوت دی تھی انہوں نے کہا کہ طالب علمی کے زمانے میں اس قسم کی سرگرمیاںتربیت کے حوالے سے اہم کردار ادا کرتی ہیں اور آگے بڑہنے کے مواقع فراہم کرتی ہے انہوں نے کہا کہ ان نوجوانوں میں سے ہی مستقبل کے سفیر بننے ہیں جنہیں دنیا کے اندر اپنے ملک کی نمائندگی کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ محنت ہی کامیابی کی ضمانت ہے، نوجوانوں کو محنت کو اپنی زندگی کا معمول بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اپنی سوچ کا دائرہ وسیع کرکے پوری دنیا کو اپنا محور بنائیں اور آگے بڑھیں، کامیابی ان کا مقدر ہوگی اس سے پہلے ڈائریکٹر بیورو آف اسٹیگس اور یونیورسٹی آف سندھ ماڈل یونائٹیڈ نیشنس کانفرنس کی سرپرست ڈاکٹر سمیرا عمرانی نے اپنے استقبالیہ خطاب میں آئے ہوئے تمام مہمانان کا شکریہ ادا کیا اور ملک کے مختلف تعلیمی اداروں سے آئے ہوئے طلباء و طالبات، تعاون کرنے والے اداروں اور کمپنیز سمیت خصوصی طور پر شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت کی رہنمائی اور مدد کا شکریہ ادا کیا اس موقع پر کانفرنس کے انتظامات کے حوالے سے جوڑے گئے ایگزیکیوٹو بورڈ، صلاحکاری بورڈ، ایگزیکیوٹو کائونسل کے ممبران اور اقوام متحدہ کے طرز پر جوڑی گئی کمیٹیز کے ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور کنوینرز کو یادگار شیلڈز اور سرٹیفکیٹ دیے گئے تقریب کی نظامت کے فرائض جامعہ سندھ کے میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز کی طالبہ فاطمہ رند نے سرانجام دیے اختتامی تقریب میں جامعہ سندھ کے پرو وائس چانسلرز، فوکل پرسنز، فیکلٹیز کے ڈینز، ڈائریکٹرز، تدریسی و انتظامی شعبوں کے سربراہان، اساتذہ، افسران، ملازمین، طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔