حکومت بلاول بھٹو کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے انجان

بلاول بھٹو کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی تحقیقات کی جائیں گی، عدالت کے تحریری آرڈر آتے ہی نام نکال دیا جائے گا۔معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبرکی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 7 جنوری 2019 20:31

لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 جنوری2019ء) وفاقی حکومت کیا چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے انجان تھی؟ معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا کہ بلاول بھٹو کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی تحقیقات کی جائیں گی،عدالت کے تحریری آرڈرآتے ہی نام نکال دیا جائے گا۔ انہوں نے آج یہاں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ای سی ایل میں نام عدالت کے حکم یا تحقیقاتی ادارے کی سفارش پرڈالا جاتا ہے۔

عدالت کے تحریری آرڈرآتے ہی نام نکال دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی تحقیقات کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف میں پاکستان بہت کڑی پوزیشن میں ہے۔ بلیک لسٹ میں جانے سے پاکستان سے ٹرانزیکشن نہیں کی جا سکیں گی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر پیپلزپارٹی لڈیاں ڈال رہی ہے۔

یہ کیس بھی اقامہ اور پاناما کی طرح ہے۔ لہذا پیپلزپارٹی کو بتا دوں کہ بلاول بھٹو اور مرادعلی شاہ کے نام ای سی ایل یا جے آئی ٹی سےنکالنے کا مطلب یہ نہیں کہ ان سے پوچھ گچھ نہیں ہوگی۔ بلاول بھٹو کا جے آئی ٹی میں جو کردار ظاہر کیا گیا ہے اس پر تحقیقات ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد مراد علی شاہ اور بلاول بھٹو کو تفتیش سے استثنیٰ حاصل نہیں ہوا۔

اومنی گروپ کی گروتھ سے متعلق بھی ان کو جواب دینا پڑے گا۔ کیوں ساری چیزیں اومنی گروپ کو دی جاتی رہیں۔ اس کا بھی جواب دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نےجے آئی ٹی پر تمام اعتراضات کو مسترد کر دیا ہے۔ جے آئی ٹی کی تجویز تھی کہ معاملہ نیب کو بھیج دیں۔ جے آئی ٹی کی تجویز کے مطابق ہی سپریم کورٹ کا فیصلہ آیا ہے۔ جے آئی ٹی کی تمام فائنڈنگز ٹائم لائن کے ساتھ نیب کو بھجوا دی گئی ہیں۔