مریم نواز آئندہ ہفتے کیا کرنے والی ہیں؟

مریم نواز کااپنی میڈیا ٹیم کو متحرک کرنے کا فیصلہ، مریم نواز آئندہ ہفتے اپنی سابق میڈیا ٹیم سے ملاقات کریں گی اور موجودہ صورتحال کے پیش نظر میڈیا حکمت عملی طے کی جائے گی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 8 جنوری 2019 12:48

مریم نواز آئندہ ہفتے کیا کرنے والی ہیں؟
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 جنوری2019ء) سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنی میڈیا ٹیم کو متحرک کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ نواز شریف کے دور حکومت میں وزیراعظم ہاؤس میں قائم میڈیا سٹریٹجی اینڈ کمیونیکشن سیل کو دوبادہ فعال کیا جائے گا۔اس سلسلہ میں مریم نواز آئندہ ہفتے اپنی سابق میڈیا ٹیم سے ملاقات کریں گی اور موجودہ صورتحال کے پیش نظر میڈیا حکمت عملی طے کی جائے گی۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مریم نواز نے ابتدائی مرحلہ پر خود آگے آنے کی بجائے اپنی ٹیم کو از سر نو منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ رواں ہفتے کے آخر میں مریم نواز اپنی میڈیا ٹیم کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گی۔اس تناظر میں ماڈل ٹاؤن لاہور کے پارٹی آفس میں مریم نواز کے لیے آفس قائم کیا جا رہا ہے جہاں وہ باقاعدگی کے ساتھ بیٹھا کریں گی۔

(جاری ہے)

مریم نواز کی میڈیا ٹیم میں مریم اورنگزیب، دانیال عزیز، ڈاکٹر فضل چوہدری، طلال چوہدری، مصدق ملک اور مائزہ حمید نمایاں ہیں۔ ٹیم کا جلد ہی مشاورتی اجلاس بلایا جائے گا۔مریم نواز کے لیے پارٹی سیکٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ایک الگ آفس بھی بنایا جا رہا ہے جہاں وہ روزانہ کی بنیاد پر بیٹھا کریں گی۔ مریم نواز اپنے آفس میں بیٹھ کر پارٹی عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گی جب کہ اپنی سوشل میڈیا سیل کی مانیٹرنگ کریں گی اور ایک بار پھر سے سوشل میڈیا سیل کو متحرک کریں گی۔

خیال رہے مریم نواز رہائی کے بعد سے سیاسی طور پر خاموش رہیں۔ ان کی جانب سے کوئی ٹویٹ جاری نہیں کیا گیا۔مریم نواز کا ٹوئیٹر اکاونٹ بھی پارٹی کی شکست کے بعد خاموش ہو گیا۔تاہم مریم نواز نے نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں گرفتاری ہونے کے بعد ایک بار پھر سے ٹویٹر لا استعمال کیا تھا اور اب انہوں نے اپنی میڈیا ٹیم کو بھی متحرک کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔