Live Updates

اعلیٰ حکومتی شخصیات کے بیرون ممالک دوروں کے دوران تجارتی وفود کو بھی ہمراہ لے جا یا جائے، پاکستانی سفارتخانوں کو برآمدات کے فروغ کا مئو ثر ذریعہ بنانے کیلئے فوری قابل عمل پالیسی کا اعلان یقینی بنایا جائے، صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری

منگل 8 جنوری 2019 15:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2019ء) :فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سید ضیاء علمدار حسین نے کہا ہے کہ اعلیٰ حکومتی شخصیات کے بیرون ممالک دوروں کے دوران دو طرفہ صنعتی ، کاروباری ، تجارتی ، درآمدی، برآمدی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے تجارتی وفود کو بھی ہمراہ لے جا یا جائے کیونکہ اس اقدام سے عالمی منڈیوں تک رسائی کے وسیع مواقع میسر آسکتے ہیں جبکہ پاکستانی سفارتخانوں کو برآمدات کے فروغ کا مو ثر ذریعہ بنانے کیلئے فوری قابل عمل پالیسی کا اعلان بھی یقینی بنانا ہوگا ۔

منگل کو اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوںنے صدر مملکت ڈاکٹر محمد عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سمیت وفاقی وزیر تجارت اور دیگر وزراء کے ان بیانات کو سراہا جس میں انہوںنے کہا کہ وہ عالم اقوام سے ایڈ نہیں بلکہ ٹریڈ چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ یہ اعلان انتہائی حوصلہ افزا اور خوش آئند ہے کیونکہ اس سے جہاں پاکستان کی عالم اقوام کے ساتھ ٹریڈ میں اضافہ ہو گا وہیں قیمتی زر مبادلہ کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔

انہوںنے کہاکہ ٹریڈ میں اضافہ اسی وقت ممکن ہے جب مذکورہ حکومتی شخصیات اپنے غیر ملکی دوروں کے دوران تجارتی وفود ہمراہ لے کر جائیں اور سرکاری سطح پر باہمی تجارت کے فروغ کے مواقع کا جائزہ لینا اور اس سلسلہ میں حکومتی مشاورت سے مناسب فیصلے کرنا ہے۔انہوںنے کہاکہ اگر ہم اپنی ٹریڈ میں اضافہ کر لیتے ہیں تو ہمیں ایڈ کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ ہم دنیا بھر میں سر اٹھا کر جینے کے قابل بھی ہو سکیں گے۔

انہوںنے کہاکہ ٹریڈ میں اضافہ کیلئے صنعتی ، کاروباری ، تجارتی سیکٹر کو مناسب ریلیف بھی دینا ہو گا اور ایسا صرف اسی وقت ممکن ہے جب تجارتی سیکٹر کیلئے بجلی، گیس ، پٹرولیم مصنوعات اور خام مال کی قیمتو ں میں نہ صرف کمی کی جائے بلکہ انڈسٹریل سیکٹر کو 24گھنٹے ہفتہ بھر بجلی و گیس کی سپلائی بھی جاری رکھی جا سکے۔انہوںنے کہاکہ ا یڈ کی بجائے ٹریڈ کی پالیسی کے فروغ میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسری حکومت کو مکمل تعاون بھی فراہم کرے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات