نیب نے ایک اور سینئر بیوروکریٹ کے گرد گھیرا تنگ کردیا

سیکرٹری اسکولزایجوکیشن پنجاب کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات شروع،ظفر اقبال کی اربوں کی 62جائیدادیں، دوران ملازمت43جائیدادیں خریدیں،12جائیدادیں انہیں تحفے میں ملیں،ذرائع نیب، مانتا ہوں جائیداداربوں میں ہے،لیکن کرپشن کا پیسا شامل نہیں۔ سیکرٹری اسکولز ایجوکیشن پنجاب ظفر اقبال

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 8 جنوری 2019 16:36

نیب نے ایک اور سینئر بیوروکریٹ کے گرد گھیرا تنگ کردیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔08 جنوری2019ء) سینئر بیوروکریٹ سیکرٹری اسکولز ایجوکیشن پنجاب ظفر اقبال بھی نیب کے ریڈار میں آگئے، نیب نے سیکرٹری اسکول ایجوکیشن کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات کا آغاز کردیا، ظفر اقبال کی اربوں کی 62 جائیدادوں کا انکشاف ہوا ہے، ظفراقبال دوران ملازمت 43 جائیدادیں خریدیں،12جائیدادیں انہیں تحفے میں ملی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب بھی نیب کے گھیرے میں آگئے ہیں۔نیب نے سیکرٹری سکول ایجوکیشن ظفر اقبال کی آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ ذرائع کی نیب کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ظفر اقبال کی 62 جائیدادوں کا انکشاف ہوا ہے۔ان جائیدادوں میں انہوں نے دوران ملازمت 43 جائیدادیں خریدیں، جبکہ 12جائیدادیں انہیں تحفے میں ملی ہیں۔

(جاری ہے)

نیب ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ظفر اقبال کی اربوں روپے کی جائیدادیں ہیں۔ سیکرٹری سکول ایجوکیشن ظفر اقبال کی بیرون ملک بھی جائیداد کا انکشاف ہوا ہے۔ سیکرٹری سکولزایجوکیشن پنجاب فلور اور رائس ملز،فیکٹریوں ، پٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز کے مالک بھی ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق سینئر بیوروکریٹ سیکرٹری اسکولز ایجوکیشن پنجاب ظفر اقبال کا کہنا ہے کہ میں مانتا ہوں کہ میری جائیدادیں اربوں میں ہیں۔

لیکن اس میں کرپشن یا بدعنوانی کا پیسا شامل نہیں ہے۔ دوسری جانب دوسری جانب احتساب عدالت میں این آئی سی ایل میں کروڑوں روپے کی کرپشن کیس میں نیب کی جانب سے تفتیشی رپورٹ پیش کر دی گئی ہے۔ احتساب عدالت نمبر 4 کے روبرو این آئی سی ایل میں کروڑوں روپے کے کرپشن کیس پر سماعت ہوئی جہان ملزم ایاز خان نیازی کو پیش ہوئے ۔ ملزم ایاز خان نیازی کو جسمانی ریمانڈ کے بعد جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوایا گیا تھا۔

ملزم کی عدالت نے بعد ازاں ضمانت منظور کر لی تھی۔ نیب پراسیکیوٹر کے مطابق جب تک کیس خارج نہیں ہو جاتا ایاز خان نیازی کو ہر عدالتی تاریخ پر عدالت کے روبرو پیش ہونا ہو گا۔ عدالت کے روبرو ملزم ایاز خان نیازی سمیت چاروں ملزمان 342کے تحت اپنے بیانات ریکارڈ کروا چکے ہیں۔ ملزمان کو احتساب عدالت سندھ نے قید کی سزا سنائی تھی۔ نیب پراسیکیوٹر محمد افضل قریشی کے مطابق ملزما ن نے 2009ء میں این آئی سی ایل کے لئے 20کنال اور 2مرلے کا کمرشل پلاٹ انتہائی مہنگے داموں خریدا۔

ایئرپورٹ کے قریب انتہائی مہنگے داموں خریدے گئے کمرشل پلاٹ کی مارکیٹ ویلیو انتہائی کم تھی۔ ملزمان نے 1065ملین روپے کا پلاٹ خرید کر قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا۔ عدالت نے ملزمان ایاز خان نیازی وغیرہ کے خلاف کیس پر مزید سماعت 19جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے ملزم ایاز خان نیازی کو آئندہ سماعت پر دوبارہ احتساب عدالت کے روبرو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔