پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی کا سلسلہ جاری

کے ایس ای 100 انڈیکس 490.10 پوائنٹس اضافے سے 39052.50 پوائنٹس پر بند

منگل 8 جنوری 2019 22:48

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی کا سلسلہ جاری
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2019ء) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی کاسلسلہ بدستور جاری ہے۔ منگل کو سرمایہ کاروں کی جانب سے بھاری سرمایہ کاری کی گئی جس کی وجہ سے کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت 6.16 فیصد زائد رہا۔ مارکیٹ میں جاری کاروباری تیزی کی وجہ سے کے ایس ای 100 انڈیکس کی 38600،38700،38800،38900 اور 39000 کی نفسیاتی حدیں بحال ہو گئیں، 65.66 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ میں مزید 63 ارب 36 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہو گیا۔ منگل کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق شیئرز مارکیٹ میں حکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہائوسز سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے توانائی، بینکنگ، کیمیکلز، فوڈ،سیمنٹ اور دیگرمنافع بخش سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا۔

(جاری ہے)

ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100 انڈیکس 39148 پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا، فروخت کے دبائو اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکا، تاہم تیزی کا سلسلہ سارا دن جاری رہا۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 490.10 پوائنٹس اضافے سے 39052.50 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کے ایس ای 30 انڈیکس 296.18 پوائنٹس اضافے سے 18505.41 پوائنٹس، کے ایم آئی 30 انڈیکس 1402.97 پوائنٹس اضافی سے 65839.70 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 246.96 پوائنٹس اضافے سے 28776.08 پوائنٹس پر بند ہوا۔

مجموعی طور پر 367 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا، جن میں سے 241 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 103 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 23 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔ سرمایہ کاری مالیت میں 63 ارب 36 کروڑ 81 لاکھ 47 ہزار 224 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر 78 کھرب 84 ارب 44 کروڑ 74 لاکھ 8 ہزار 60 روپے ہو گئی۔

منگل کو مجموعی طور پر 16 کروڑ 67 لاکھ 90 ہزار 720 شیئرز کا کاروبار ہوا، جو پیر کی نسبت 96 لاکھ 87 ہزار 170 شیئرز زائد ہیں۔ قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے ماڑی پیٹرولیم کے حصص سرفہرست رہے جس کے حصص کی قیمت 44.78 روپے اضافے سے 1389.23 روپے اور وائتھ پاک لمیٹڈ کے حصص کی قیمت 36.13 روپے اضافے سے 1032.63 روپے پر بند ہوئی۔ نمایاں کمی پاک ٹوبیکو کے حصص میں ریکارڈکی گئی جس کے حصص کی قیمت 52.00 روپے کمی سے 2796.00 روپے اور سیمنز پاک کے حصص کی قیمت 22.99 روپے کمی سے 802.00 روپے ہو گئی۔

منگل کو کے الیکٹرک لمیٹڈ کی سرگرمیاں 1 کروڑ 1 لاکھ 23 ہزار شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں، جس کے شیئرز کی قیمت 6 پیسے کمی سے 6.22 روپے اور ٹی آر جی پاک لمیٹڈ کی سرگرمیاں 97 لاکھ 68 ہزار شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی، جس کے شیئرز کی قیمت 78 پیسے اضافے سے 24.28 روپے ہو گئی۔