Live Updates

پنجاب اسمبلی میں صحافیوں کا شدید احتجاج اور نعرے بازی ،صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے معافی مانگ کر لی

بیوی ہسپتال میں تھی ، میں ٹینشن میں تھا اور اس طریقے سے جواب دیا، اگر کسی کو برا لگا ہے تو معافی مانگتا ہوں‘فیاض الحسن چوہان صحافیوں کو بدتمیز اور بے شرم کہنا انتہائی افسوناک ہے‘پیپلزپارٹی نے فیاض الحسن چوہان کے استعفے کے مطالبے کی قرارداد اسمبلی میں جمع کرا دی

بدھ 9 جنوری 2019 15:40

پنجاب اسمبلی میں صحافیوں کا شدید احتجاج اور نعرے بازی ،صوبائی وزیر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جنوری2019ء) پنجاب اسمبلی کے باہر صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے میڈیا سے بات کرنے کی کوشش کی جس پر صحافیوں نے شدید احتجاج کیا اور بائیکاٹ بائیکاٹ کے نعرے لگائے جس پر بحث و مباحثے کے بعد انہوں نے اپنے رویے پر معافی مانگ لی۔بدھ کے روز فیاض الحسن چوہان پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا کے مائیکس دیکھ کر ان کے پاس آئے جس پر صحافیوں نے نعرے بازی شروع کردی، اسی شور شرابے میں انہوں نے کہا کہ میں آپ کو سارا معاملہ کلیئر کر رہا ہوں جس پر صحافیوں نے انہیں جواب دیا کہ آپ نہ بولیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب کہتے رہے کہ میری بات سن لیں، بس ہوگیا اب تو سن لیں جس کے بعد انہوں نے اپنے کل کے رویے کا پس منظر بتاتے ہوئے صحافیوں کو کہا کہ میں ایک چیز کلیئر کردوں کہ آپ کو پس منظر کا پتا نہیں۔

(جاری ہے)

صحافیوں نے مکالمے کے دوران فیاض الحسن چوہان کو کہا کہ سیاستدان سیاست کریں اور صحافیوں کو سوال کرنے دیں جس پر وہ بار بار اصرار کرتے رہے کہ ان کی بات بھی سن لی جائے۔

صحافیوں نے خاموشی اختیار کی تو فیاض الحسن چوہان نے کہا 'قاضی حسین احمد کی یاد میں تقریر سے پہلے میرے ڈرائیور نے ایک چٹ دی جس پر تحریر تھا آپ کی اہلیہ سروسز ہسپتال میں بیہوش پڑی ہیں۔جس پر صحافیوں نے کہا کہ اللہ آپ کی اہلیہ کو صحت دے۔جس کے بعد فیاض الحسن چوہان نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ میں نے روتے روتے قاضی حسین احمد کی یاد میں تقریر کی جس کے بعد صحافی نے سوال کیا آپ قاضی حسین کی بات کررہے ہیں اور امیر جماعت عمران خان کے لیے یہ باتیں کر گئے، موقع کی مناسبت سے یہ بات غلط تھی۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ میں ٹینشن میں تھا اور اس طریقے سے جواب دیا، اگر کسی کو برا لگا ہے تو معافی مانگتا ہوں۔دوسری طرف پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی نے وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کے استعفے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی۔ قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ صحافیوں کی تضحیک میں فیاض الحسن چوہان پیش پیش ہیں،صحافیوں کو بدتمیز اور بے شرم کہنا انتہائی افسوناک ہے۔قرارداد میں حکومت سے فیاض الحسن چوہان کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات