چیف جسٹس پاکستان کا اورنج لائن منصوبہ مجوزہ تاریخ پر مکمل کرنے کا حکم

اورنج لائن لاہور کے لوگوں کیلئے تحفہ ہے،کام مجوزہ تاریخ پر مکمل نہ ہونے کو عدالتی حکم کی عدم تعمیل سمجھا جائیگا ،ْچیف جسٹس

بدھ 9 جنوری 2019 18:17

چیف جسٹس پاکستان کا اورنج لائن منصوبہ مجوزہ تاریخ پر مکمل کرنے کا حکم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جنوری2019ء) سپریم کورٹ کے چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے اورنج لائن منصوبہ مجوزہ تاریخ پر مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔ بدھ کو سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں اورنج لائن ٹرین منصوبے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔دورانِ سماعت چیف جسٹس پاکستان نے اورنج لائن منصوبے کے ڈائریکٹر سبطین فضل کی تعریف کی اور کہا کہ آپ سے گزارش ہے مجوزہ تاریخ پر منصوبہ مکمل کریں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر منصوبے کے ٹھیکیدار کے وکیل نعیم بخاری نے عدالت کو بتایا کہ مسئلہ یہ ہے کہ کام کے پیسے نہیں ملتے۔نعیم بخاری کے مؤقف پر چیف جسٹس نے کہا کہ لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی ای) چیک سپریم کورٹ میں جمع کرادے اور ٹھیکیدار بینک گارنٹی جمع کراکے چیک لے سکتے ہیں۔جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ اورنج لائن لاہور کے لوگوں کے لیے تحفہ ہے، ٹھیکیدار مجوزہ تاریخوں تک ہر صورت کام مکمل کریں، کام مجوزہ تاریخ پر مکمل نہ ہونے کو عدالتی حکم کی عدم تعمیل سمجھا جائے گا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جس دن ’گڈی‘ چلے گی ہمیں بھی بتائیں ہم بھی ’گڈی‘ کی سواری کریں گے۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔