صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وفاقی انشورنس محتسب محمد رئیس الدین پراچہ کی ملاقات

انشورنس محتسب کی خدمات کی فراہمی اور شکایات کی آن لائن رجسٹریشن سمیت جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت ہے،صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی

بدھ 9 جنوری 2019 19:00

صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وفاقی انشورنس محتسب محمد رئیس الدین پراچہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جنوری2019ء) صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی انشورنس محتسب کی خدمات کی فراہمی اور شکایات کی آن لائن رجسٹریشن سمیت جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی انشورنس محتسب محمد رئیس الدین پراچہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی، ماقات کے دوران انہوں نے صدرمملکت کو اپنی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

پریس ریلیز کے مطابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ وفاقی انشورنس محتسب انشورنس صنعت کے صارفین کے تحفظ اور نقصانات سے بچانے کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو وفاقی انشورنس محتسب کی سفارشات پر بروقت عملدرآمد کی ہدایت کی کیونکہ شکایات کنندگان کو مطمئن کرنے کیلئے یہ انتہائی اہم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کراچی میں وفاقی محتسب کمپلیکس کے قیام سے متعلق وفاقی محتسب کے دیگر اداروں سے مشاورت پر پیشرفت سے متعلق تفصیلات بھی پوچھیں جہاں ایک جگہ پر تمام وفاقی محتسب کے دفاتر ہوں گے۔

انہوں نے وفاقی انشورنس محتسب کی جانب سے فوری اور مفت سہولیات کی فراہمی سے متعلق میڈیا میں آگاہی مہم شروع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے وفاقی انشورنس محتسب کو درپیش مسائل اور سرکاری فرائض کی ادائیگی کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔