اٹک میں امریکی نژاد پاکستانی خاتون کی پراسرار موت

خاتون کے اہل خانہ نے پوسٹ مارٹم اور کارروائی کروانے سے انکار کر دیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس بدھ 9 جنوری 2019 18:23

اٹک میں امریکی نژاد پاکستانی خاتون کی پراسرار موت
اٹک (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-09 جنوری 2018ء) :ااٹک میں امریکن نیشنلٹی ہولڈر لڑکی کی پراسرار موت نے سب کو ہلا کر رکھ دیا۔ورثا نے کسی بھی قسم کی کاروائی کروانے سے انکار کر دیا۔تفصیلات کے مطابق نماس نامی لڑکی امریکہ میں مقیم تھی جس کے اہلخانہ پاکستان کے شہر اٹک میں قیام پذیر ہیں ۔نماس امریکہ میں زیرتعلیم تھی جہاں وہ میڈیکل کے شعبے کی طالبہ تھی۔

مذکورہ لڑکی کچھ روز قبل پاکستان آئی تھی۔وہ اپنے خاندان میں ہونے والی شادی میں شرکت کرنے کے لیے پاکستان آئی تھی ۔اس دوران وہ اپنے نانا کے گھر موجود تھی کہ پر اسرار موت کا شکار ہوگئی۔نماس واش روم میں گئی مگر واپس نہ آئی کافی دیر گزر جانے پر اہل خانہ نے واش روم کا دروازہ کھٹکھٹایا مگر انہیں اندر سے کوئی جواب موصول نہ ہوا۔

(جاری ہے)

اس پر اہلخانہ نے دروازہ توڑ کر دیکھا تو نماس بے سدھ پڑی ہوئی تھی جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا لیکن ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔

ورثا نے قانونی کارروائی کرانے سے انکار کر دیا، ورثا پوسٹمارٹم کرائے بغیر لاش چکوال لے گئے۔اہلخانہ کے مطابق خاتون کی موت اچانک دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ہے تاہم اس حوالے سے کوئی حتمی رائے نہیں دی جا سکتی۔ واضح ہو کہ اس سے پہلے اٹلی کی نیشنلٹی ہولڈر خاتون بھی اسی طرح پراسرار موت کا شکار ہو گئی تھی تاہم بعد میں پولیس تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ اس کے اہلخانہ نے ہی اسکو قتل کیا تھا۔