ْناراض ہو کر آزاد حیثیت میں انتخاب لڑنے والے زعیم قادری کا(ن) لیگ میں واپسی کا قوی امکان

بدھ 9 جنوری 2019 22:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جنوری2019ء) عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) سے ناراض ہو کر آزاد حیثیت میں انتخاب لڑنے والے سید زعیم حسین قادری کاپارٹی میں واپسی کا قوی امکان ہے ۔ زعیم قادری کی اہلیہ اور مسلم لیگ (ن) کی مخصوص نشست پر رکن اسمبلی عظمیٰ زعیم قادری نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے شوہر زعیم قادری کی مسلم لیگ (ن) میں واپسی کا واضح اشارہ دیدیا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ اگر ان کے شوہر کو پارٹی میں ان کے وقار کے مطابق مقام نہیں دیا جاتا تو کوئی ان کے گھر آنے کی کوشش نہ کرے۔عظمیٰ قادری نے کہا کہ کلثوم نواز کے جنازے کے موقع پر نواز شریف زعیم قادری کو فیملی ایریا میں لے کر گئے اور کہا کہ آپ اپنی والدہ کو لحد میں اتاریں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے فون کیا جبکہ شہباز شریف بھی گھر آنا چاہتے تھے ، شہباز شریف نے مجھے اسمبلی رکنیت کا حلف لینے کا بھی کہا ۔

(جاری ہے)

اسمبلی رکنیت کسی کا احسان نہیں ہم نے پارٹی کے لئے جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کو اپنے بڑے بھائی زعیم قادری کی عزت کرنی چاہیے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق زعیم قادری نے بھی اس حوالے سے رابطہ کرنے پر مثبت رد عمل ظاہر کیا ہے ۔ یاد رہے کہ زعیم قادری نے قومی اسمبلی کے حلقہ کا ٹکٹ نہ ملنے پر گزشتہ سال21جون کو پر ہجوم پریس کانفرنس کر کے پارٹی سے لا تعلقی اختیار کرتے ہوئے آزاد حیثیت میں انتخاب لڑنے کا اعلان کیا تھا تاہم انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ زعیم قادری نے پریس کانفرنس میں حمزہ شہباز کے حوالے سے سخت زبان استعمال کی تھی ۔