Live Updates

تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کو گرانے کا منصوبہ ناکامی کا شکار ہوگیا

حکمران جماعت کی اتحادی جی ڈی اے نے مستقبل قریب میں پیپلز پارٹی کے ساتھ کسی بھی قسم کے ساتھ سیاسی اشتراک کے امکان کو یکسر مسترد کر دیا

muhammad ali محمد علی بدھ 9 جنوری 2019 22:08

تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کو گرانے کا منصوبہ ناکامی کا شکار ہوگیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جنوری2019ء) تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کو گرانے کا منصوبہ ناکامی کا شکار ہوگیا، حکمران جماعت کی اتحادی جی ڈی اے نے مستقبل قریب میں پیپلز پارٹی کے ساتھ کسی بھی قسم کے ساتھ سیاسی اشتراک کے امکان کو یکسر مسترد کر دیا۔ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے مستقبل قریب میں پیپلز پارٹی کے ساتھ کسی بھی قسم کے ساتھ سیاسی اشتراک عمل کے امکان کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ عوام کے حقوق کے لئے منتخب ایوانوں پوری قوت کے ساتھ آواز بلند کرتی رہے گا، جی ڈی اے نے موجودہ احتساب کے عمل کی مکمل حمایت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اسے اس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے اور تمام بدعنوان عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانا ضروری ہے۔

جی ڈی اے کا سربراہ اجلاس اتحاد کے سربراہ پیر صاحب پگارا کی زیر صدارت ان کی قیام گاہ کنگری ہاس میں ہوا جس میں سندھ کی موجودہ سیاسی صورتحال، پیپلز پارٹی کے خلاف جاری تحقیقات، سندھ کے آئندہ سیاسی منظر نامہ اور اتحاد کے تنظیمی معاملات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

(جاری ہے)

  اجلاس میں پیر صدر الدین شاہ راشدی، مرتضی خان جتوئی، ڈاکٹر ذوالفقار مرزا، حسنین مرزا، ڈاکٹر ارباب غلام رحیم، ڈاکٹر صفدر عباسی، ایاز لطیف پلیجو،سردار علی گوہر خان مہر، طارق حسن، نصرت سحر عباسی، نند کمار گوکلانی، غوث بخش خان مہر،عرفان اللہ خان مہر اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے پیر صدر الدین شاہ راشدی نے کہا کہ جی ڈی اے نے سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اتحاد کو مزید مستحکم بنانے اور فعال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جی ڈی اے کی بہت جلد نچلی سطح پرتنظیم سازی کا عمل شروع کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ مسائل کا شکار ہے اور جن لوگوں نے اسے اس حال تک پہنچایا عوام اور میڈیا کو اس کا اچھی طرح علم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عوام کی آواز کوایوانوں میں بلند کریں گے اورمستقبل میں جی ڈی اے اپنا بھرپورکردار ادا کرے گا۔ ایاز لطیف پلیجو نے موجودہ احتساب کے عمل کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ احتساب کا جوسلسلہ اس وقت چل رہاہے وہ بالکل درست ہے اور جن لوگوں نے قومی خزانہ یا سندھ کے وسائل کو لوٹا ہے وہ کسی بھی رعائیت اور نرمی کے مستحق نہیں، انہوں نے کہا کہ یہ قوم کی دیرینہ خواہش اور مطالبہ ہے کہ کرپٹ لوگ اپنے انجام کوپہنچیں گے۔

ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ سندھ میں صحت کی حالت بہت خراب ہے۔گنے کے کاشتکاروں کو ان کی فصلوںکی قیمت نہیں مل رہی۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے سرکاری محکموں میں بھرتی کا عمل شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ بے روزگار لوگوں کو میرٹ پر ملازمتیں دی جائیں اور سیاسی بھرتی سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ پر کرپشن کے سنگین الزامات ہیں اس لئے انہیں اپنے عہدے پر نہیں رہنا چاہیے اور وہ عہدہ چھوڑ دیں۔

ایاز لطیف پلیجو نے بتایا کہ گرینڈ ڈیموکرٹیک الائنس نے اپنے جلاس میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سندھ کے عوام کے سنگین مسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے خصوصی سندھ پیکیج کا اعلان کرے۔انہوں نے بتایا کہ اجلاس نے سندھ میں پانی کی شدید قلت، بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ اورسندھ میںبنگالیوں اور افغانیوں کوشہریت دینے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کے فوری ازالے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ جی ڈی اے کو صوبائی اینٹی کرپشن کے محکمے پرکوئی بھروسہ نہیں اسلئے کرپشن کے خلاف وفاقی ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے دس سال میں سندھ کوتباہ کردیا۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر صفدر عباسی نے بھی وزیراعلی سندھ کے استعفے پر زور دیا جبکہ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت سندھ کے مسائل پر توجہ دے اور احتساب کے عمل کو بلاکسی مصلحت اور رکاوٹ کے جاری رہنا چاہیئے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات