موسم سرما کے دوران مرغی پال حضرات کو مرغیوں کو وٹامن ای دینے اور بیماریوں سے بچانے کیلئے حفاظتی تدابیر پر عمل کی ہدایت

جمعرات 10 جنوری 2019 13:51

موسم سرما کے دوران مرغی پال حضرات کو مرغیوں کو وٹامن ای دینے اور بیماریوں ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2019ء) ماہرین لائیو سٹاک نے کہا ہے کہ مرغیوں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کیا جائے اور شیڈ کی اچھی طرح صفائی سمیت اچھی قسم کے سپرے یا جراثیم کش ادویات کا استعمال بھی یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو صحت مند مرغیوں کے گوشت کی فراہمی ممکن ہو سکے۔ انہوںنے کہا کہ لائیو سٹاک فارمرز خصوصاً مرغی پال حضرات شیڈ کا درجہ حرارت 75تا 80فارن ہائٹ تک برقرار رکھیں اور سردیوں میں ٹھنڈی ہوا کیلئے پلاسٹک کے پردے لگانے سے پرہیز کیا جائے ۔

انہوںنے کہا کہ چونکہ پلاسٹک کے پردوں سے شیڈ میں نمی کا خدشہ ہوتا ہے جس سے پرندے دم گھٹ کر مر سکتے ہیں اس لئے موٹے جینز کے پرد وں کو استعمال میں لایا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ شیڈ میں تازہ ہوا کی آمد و رفت کا مناسب انتظام ہونا چاہیے جس کی وجہ سے سانس کی بیماریوں کا امکان بہت حد تک کم ہو جاتا ہے۔ رات کو پردے نیچے کرتے وقت تازہ ہوا کیلئے تھوڑا بہت رستہ رکھیں۔

شیڈ کا درجہ حرارت برقرار رکھنے کیلئے ہیٹر یا بھٹی کا استعمال کیا جائے اور اس بات کا خیال رہے کہ دھواں جمع نہ ہو کیونکہ دھویں سے پرندوں کے پھیپھڑوں پر اثر پڑتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ بورا یا چاول کا چھلکا نیچے استعمال کیا جائے اور جب یہ گیلا ہو جائے توا سے فوراً بدل دینا چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ سردیوں میں پرندوں کو وٹا من ای دینا چاہیے ۔

انہوںنے کہا کہ اگر کوئی پرندہ مر جائے تو اسے گہرا گڑھا کھود کر زمین میں دبا دینا چاہیے اور فارم کے ارد گرد چونا بھی چھڑک دیا جائے تاکہ جراثیم پیدا ہونے کا خطرہ کم سے کم ہو سکے۔انہوںنے شیڈول کے مطابق پرندوں کی ویکسینیشن کروا نے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ انہوںنے کہا کہ اس ضمن میں مزید معلومات کیلئے محکمہ لائیو سٹاک کے فیلڈ سٹاف سے مشاورت و رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :