ملتان کا نیا سلطان!!

پاکستان سپر لیگ کی چھٹی ٹیم کا نام ملتان سلطانز ہی برقرار رکھا گیا ہے مگر علی ترین کی صورت میں ملتان کی اس ٹیم کو نیا سلطان مل گیا ہے

zeeshan aziz سید ذیشان عزیز جمعرات 10 جنوری 2019 14:06

ملتان کا نیا سلطان!!
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جنوری2019ء) پاکستان سپر لیگ کی چھٹی ٹیم کا نام ملتان سلطانز ہی برقرار رکھا گیا ہے مگر علی ترین کی صورت میں ملتان کی اس ٹیم کو نیا سلطان مل گیا ہے جو نا صرف خود جنوبی پنجاب کی پہچان ہے بلکہ اس خطے میں کرکٹ کے فروغ کیلئے علی ترین سے بہتر شخصیت کوئی اور نہیں ہے جنہوں نے گزشتہ برسوں میں جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کو منظم کرکٹ کھیلنے کے بہت سے مواقع فراہم کیے ہیں۔

علی خان ترین نے دنیا کی سب سے بڑی ایموچر کرکٹ لیگ ’’لاسٹ مین اسٹینڈنگ‘‘ کو جنوبی پنجاب میں روشناس کروایا (https://www.facebook.com/LMSSouthPunjab) تاکہ اس خطے کے نوجوانوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم کیا جائے جہاں انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا کھل کر اظہار کرتے ہوئے کامیابی کے کئی ہمالیہ سر کرلیے۔

(جاری ہے)

LMS میں کھیلتے ہوئے لودھراں کے تین کھلاڑیوں نے اس لیگ میں پاکستان کی نمائندگی کی اور انگلینڈ میں ہونے والے ایونٹ میں عبدالرزاق اور جیمز فرینکلن جیسے مایہ ناز کھلاڑیوں کیساتھ کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔یہ ایک ایسا خواب ہے جو چند برس پہلے تک لودھراں اور اس سے ملحقہ علاقوں کے نوجوان دیکھ نہیں سکتے تھے کہ انہیں بیرون ملک کرکٹ کھیلنے کا موقع ملے گا مگر علی ترین نے اپنی کاوشوں سے اس خواب کو حقیقت میں ڈھال دیا ہے۔

لودھراں سے تعلق رکھنے والے ایک اور نوجوان شعیب بلال نے محض اپنے ٹیلنٹ کی بنیاد پر LMS میں لودھراں کی ٹیم میں جگہ بنائی اورغریب گھرانے کے اس نوجوان نے LMS میں عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے ملتان ریجن کے سلیکٹرز کو ٹرائل میں اپنی بالنگ سے متاثر کیااورقائد اعظم ٹرافی کھیلنے والی ملتان ریجن کی ٹیم میں جگہ حاصل کرلی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ لودھراں سے تعلق رکھنے والے کسی کھلاڑی کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔

شعیب بلال نے فرسٹ کلاس کرکٹ تک رسائی حاصل کرکے اپنے علاقے کے نوجوانوں کیلئے راستہ کھول دیا ہے۔
جنوبی پنجاب میں نوجوانوں کو کرکٹ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے لودھراں میں ایک شاندار کرکٹ گراؤنڈ اور اس پر کرکٹ اکیڈمی قائم کی گئی جہاں تربیت یافتہ کوچز روزانہ کی بنیادوں پر 80سے زائد ٹین ایجرز کی کوچنگ کررہے ہیں تاکہ آنے والے عرصے میں ان نوجوانوں کو فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کے قابل بنایا جائے۔

 
ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کیلئے علی ترین کا ایک اور بڑا کارنامہ www.grassrootscricket.pk ہے جو پاکستان کی واحد ویب سائٹ ہے جس کا مقصد صرف اور صرف ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ اور اس میں بہتری لانے کیلئے عملی طور پر کاوشیں کرنا ہے۔ گراس روٹ سطح پر کرکٹ کی بہتری کیلئے اقدامات کرنا، ڈومیسٹک کرکٹ کے میچز کی کوریج اور اس کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کی ذمہ داری بھی علی ترین کی سربراہی میں ’’گراس روٹ کرکٹ‘‘ نے اُٹھائی ہوئی ہے اور مختصر سے عرصے میں یہ ویب سائٹ پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے والے نوجوانوں کیلئے سب سے بڑا پلیٹ فارم بن چکی ہے۔


پاکستان سپر لیگ میں چھٹی ٹیم کے مالکانہ حقوق خریدنے کا مقصد جنوبی پنجاب میں کرکٹ کے فروغ کیلئے مزید کام کرنا ہے اور علی ترین کا عزم ہے کہ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے بعد اگلے آٹھ سے دس ماہ جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں ملتان سلطانز کے کھلاڑیوں کے ساتھ کوچنگ کیمپس کا انعقاد کیا جائے تاکہ ان علاقوں کے نوجوانوں کو شعیب ملک، شاہد آفریدی، محمد عرفان، جنید خان اور محمد عباس جیسے سپر اسٹارز سے سیکھنے کا موقع مل سکے ۔

علی ترین نے صرف پی ایس ایل کی ایک ٹیم حاصل نہیں کی بلکہ جنوبی پنجاب میں کرکٹ کے دیوانوں کی قسمت بدل دی ہے اور اگر اگلے برس اس خطے سے تعلق رکھنے والے دو نوجوان کھلاڑی بھی ملتان سلطانز کے اسکواڈ تک جگہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے تو یہ اُس مقصد کی کامیابی ہوگی جس کیلئے یہ ٹیم حاصل کی گئی ہے۔