شریف خاندان کے افراد ، پارٹی رہنمائوں کی کوٹ لکھپت جیل میں قید نواز شریف سے ملاقاتیں

نواز شریف اپنی والدہ کے گلے لگ کر انہیں تسلی دیتے رہے ،نواز شریف اور اہل خانہ نے اکٹھے دوپہر کا کھانا کھایا مریم ،حمزہ اورپارٹی رہنمائوں نے نواز شریف سے قانونی معاملات ، سیاسی صورتحال اورپارٹی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا ‘ ذرائع نواز شریف سے مشاہد اللہ خان، رانا ثنا اللہ، خواجہ آصف ، مصدق ملک ، پرویز رشید ، آصف کرمانی ، رانا تنویر ، ملک ندیم کامران ،نجم سیٹھی ، جگنو محسن سمیت دیگر نے ملاقات کی /نواز شریف نے ملک کی معاشی صورتحال اور عوام کے حالات بارے پوچھا‘ رہنمائوں کی گفتگو کارکنوں کی بڑی تعداد بھی جیل کے باہر موجود رہی ،شریف خاندان کے افراد کی گاڑیوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، حق میں نعرے

جمعرات 10 جنوری 2019 15:02

شریف خاندان کے افراد ، پارٹی رہنمائوں کی کوٹ لکھپت جیل میں قید نواز ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جنوری2019ء) شریف خاندان کے افراد اور پارٹی کے رہنمائوںنے کوٹ لکھپت جیل میں قید سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن)کے قائد محمد نواز شریف سے ملاقاتیں کیں، نواز شریف اور اہل خانہ نے دوپہر کا کھانا اکٹھے کھایا ، مریم نواز اورحمزہ شہباز سمیت پارٹی رہنمائوں نے نواز شریف سے ملاقات میں قانونی معاملات ، ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیاجبکہ نواز شریف نے پارٹی رہنمائوں سے ملک کی معیشت اور عوام کے حالات بارے آگاہی حاصل کی ۔

تفصیلات کے مطابق کوٹ لکھپت جیل کے حکام کی جانب سے العزیز ریفرنس میں قید کی سزا کاٹنے والے سابق وزر یر اعظم محمد نوازشریف سے اہل خانہ ، رشتہ داروں ،دوستوں اور پارٹی رہنمائوں کی ملاقات کیلئے جمعرات کا دن مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز نواز شریف سے انکی والدہ بیگم شمیم اختر ،بیٹی مریم نواز ،بھتیجے حمزہ شہباز ،نواسے جنید صفدر، مرحوم بھائی عباس شریف کے اہل خانہ اور دیگر قریبی عزیزوں نے ملاقات کی ۔

اہل خانہ نواز شریف کے لئے دوپہر کا کھانا ، ادویات اور دیگر ضروری سامان بھی ہمراہ لائے ۔اہل خانہ اور نواز شریف نے دوپہر کا کھانا اکٹھے کھایا۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف اپنے والدہ کے گلے لگے اور انہیں تسلی دیتے رہے جبکہ والدہ انہیں دعائیں دیتی رہیں ۔پارٹی رہنما ئوںمشاہد اللہ خان، رانا ثنا اللہ ، خواجہ آصف ، مصدق ملک ، مریم اورنگزیب ، پرویز رشید ، آصف کرمانی ، رانا تنویر ، ملک ندیم کامران ،نزہت صادق ،منشا اللہ بٹ ،پیر اشرف رسول ،مرزا جاوید ،عظمیٰ بخاری ، سمیع اللہ خان ،وارث کلو ،سابق مشیر خارجہ طارق فاطمی ،نجم سیٹھی اورجگنو محسن نے بھی نواز شریف سے ملاقات کی ۔

پارٹی رہنمائوں اور دیگر نے نواز شریف سے ان کی صحت بارے آگاہی حاصل کی ۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف نے ملاقات کے لئے آنے والے رہنمائوں سے ملک کی مجموعی صورتحال خصوصاً معاشی اور عوام کے حالات بارے آگاہی حاصل کی ۔نواز شریف نے مریم نواز ، حمزہ شہباز اور پارٹی رہنمائوں سے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ، احتساب عدالت کے فیصلے کے حوالے سے قانونی معاملات اور پارٹی امور کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گزشتہ روز بھی (ن) لیگ کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نواز شریف اور ان کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیلئے کوٹ لکھپت جیل کے باہر جمع رہی اور کارکنوں نے شریف خاندان کی گاڑیوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ان نواز شریف کے حق میں نعرے لگائے ۔