پاکستان تحریک انصاف کے خفیہ بینک اکاؤنٹس کی خبر غلط نکلی

بینک اکاؤنٹس کی کوئی رپورٹ الیکشن کمیشن کو نہیں بھیجی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات جنوری 15:16

پاکستان تحریک انصاف کے خفیہ بینک اکاؤنٹس کی خبر غلط نکلی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 جنوری 2019ء) : پاکستان تحریک انصاف کے خفیہ بینک اکاؤنٹس کی خبر جھوٹی نکلی ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ملک بھر میں 18 خفیہ بینک اکاؤنٹس سے متعلق خبر پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا رد عمل آ گیا ۔ ترجمان اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق بینک اکاؤنٹس کی کوئی رپورٹ الیکشن کمیشن کو نہیں بھیجی۔

ہر بینک انفرادی طور پر مطلوبہ معلومات دینے کا پابند ہے۔ بینک الیکشن کمیشن کو خود معلومات فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی یا غیر ظاہر شدہ اکاؤنٹس سے متعلق رپورٹ غلط ہے۔ واضح رہے کہ آج صبح ایک خبر موصول ہوئی تھی جس کے مطابق سٹیٹ بینک آف پاکستان نے الیکشن کمشین آف پاکستان میں ایک رپورٹ جمع کروائی جس میں انکشاف کیا گیا کہ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف ملک بھر میں 18 خفیہ بینک اکاؤنٹس استعمال کررہی ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں شیڈول بینکوں سے حاصل کی جانے والی معلومات جمع کروائیں جس میں یہ انکشاف ہوا کہ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے ملک کے مختلف شہروں میں کل 26 بینک اکاؤنٹس ہیں لیکن الیکشن کمیشن میں جمع کروائی گئی معلومات میں صرف 8 کے بارے میں بتایا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے دیگر 18بینک اکاؤنٹس جعلی یا غیر قانونی اکاؤنٹس کے زمرے میں آتے ہیں کیوں کہ حکومتی جماعت نے ان اکاؤنٹس کو قانون کے تحت الیکشن کمشین آف پاکستان میں جمع کروائی گئی سالانہ آڈٹ رپورٹ میں ظاہر نہیں کیا, ان تفصیلات کے سامنے آنے کے بعد حکومتی جماعت کے لیے خطرے کی گھنٹی بجنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا تاہم اب اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیٹ بینک نے اکاؤنٹس سے متعلق الیکشن کمیشن کو کوئی رپورٹ نہیں بھیجی۔