پاکستان کی ترقی کا راز معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی میں پوشیدہ ہے ،تعلیم ہی لوگوں کو غربت سے نکالنے کا بہترین طریقہ ہے

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا بلتستان یونیورسٹی، سکردوکے طلبا سے ملاقات کے دوران اظہار خیال

جمعرات 10 جنوری 2019 18:18

پاکستان کی ترقی کا راز معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی میں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کا راز معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی میں پوشیدہ ہے اور تعلیم ہی لوگوں کو غربت سے نکالنے کا بہترین طریقہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو بلتستان یونیورسٹی، سکردوکے طلبا سے ملاقات کے دوران کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ گلگت بلتستان ملک کا خوبصورت اور اہم ترین علاقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیاں طلباء کو نئے ابھرنے والے مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنائیں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے زور دیا کہ مصنوعی ذہانت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء اور یونیورسٹیاں اس پر عبور حاصل کرنے پر توجہ دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں صدارتی اقدام برائے مصنوعی ذہانت کا اجراء کر دیا گیا ہے اور اسے جلد دوسرے شہروں میں بھی شروع کیا جائے گا۔

صدر مملکت نے کہا کہ آئندہ پانچ سال میں اس شعبے کی برآمدات کو کئی گنا بڑھایا جا سکتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران گلگت بلتستان جانے والے سیاحوں کی تعداد میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ اس شعبے پر مزید توجہ کی ضرورت ہے کیونکہ سیاحت کا فروغ اس علاقے کی معاشی ترقی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔