اے این پی سندھ کا’’ ہفتہ باچاخان اور خان عبدالولی خان‘‘ منانے کا فیصلہ

جمعرات 10 جنوری 2019 22:49

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2019ء) عوامی نیشنل پارٹی سندھ نے ’’ہفتہ باچا خان اور خان عبدالولی خان‘‘ شایان شان طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا ہے، ہفتہ وار تقریبات کا آغاز19 جنوری سہہ پہر 3 بجے باچا خان مرکز پر اے این پی سندھ کے صدر شاہی سید کریں گے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی تھنک ٹینک کا اجلاس جمعرات کو مردان ہائوس میں شاہی سید کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں ہفتہ باچا خان اور خان عبدالولی خان کو شایان شان طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں تقریبات کا ابتدائی شیڈول طے کیا گیا جس کے مطابق ہفتہ وار تقریبات کا آغاز19 جنوری سہہ پہر 3 بجے باچا خان مرکز پر اے این پی سندھ کے صدر شاہی سید کریں گے، تقریبات 27 جنوری تک جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

20 جنوری کو صوبے بھر میں اضلاع کی سطح پر اکابرین کے افکار کے حوالے سے تقریبات منعقد کی جائیں گی اور اسی روز شام4 بجے باچا خان مرکز پر امن مشاعرہ منعقد کیا جائے گا،21 جنوری بروز پیر باچا خان مرکز پر پختون اسٹوڈنٹس فیڈریشن اور نیشنل یوتھ آرگنائزیشن کے تحت کنونشن منعقد کیا جائے گا، 22 جنوری بروز منگل شام4 بجے مردان ہائوس پر خواتین کنونشن منعقد کیا جائے گا،23 جنوری بروز بدھ شام 7 بجے باچا خان مرکز پر پختون کلچرل نائٹ کا انعقاد کیا جائے گا، 24 جنوری بروز جمعرات شام 7 بجے مردان ہائوس میں نیشنل لائر فورم کے تحت تقریب کا انعقاد کیا جائے گا،25 جنوری بروز جمعہ سہہ پہر 3 بجے باچا خان مرکز پر قرآن خوانی کا انعقاد کیا جائے گا،26 جنوری امن ریلی کا انعقاد کیا جائے گا، تمام اضلاع سے ریلیاں سفید لباس میں کراچی پریس کلب پہنچیں گی جس کے بعد صوبائی صدر شاہی سید شرکاء سے خطاب کریں گے اور27 جنوری کو باچا خان مرکز پر حضرت باچا خان اور رہبر تحریک خان عبد الولی خان کی برسی کے موقع پر عظیم الشان جلسہ عام کا انعقاد کیا جائے گا۔