سندھ حکومت غریب افراد کے لئے کم لاگت گھروں کی تعمیر کے لئے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دے

چیئرمین وزیراعظم ٹاسک فورس برائے ہائوسنگ ضیغم رضوی کی وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات

جمعہ جنوری 00:20

سندھ حکومت غریب افراد کے لئے کم لاگت گھروں کی تعمیر کے لئے خصوصی ٹاسک ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جنوری2019ء) وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کو پیشکش کی ہے کہ وہ صوبے کے غریب افراد کے لئے کم لاگت کے گھروں کی تعمیر کے لئے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دے۔ جمعرات کو وزیراعلیٰ ہائوس سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وفاقی حکومت کی یہ پیشکش چیئرمین وزیراعظم ٹاسک فورس برائے ہائوسنگ ضیغم رضوی نے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کو وزیراعلی ہائوس میں ملاقات کے موقع پر دی۔

ملاقات میں صوبائی وزیربلدیات سعید غنی، سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی اور وزیر اعلی سندھ کے مشیر مرتضی وہاب نے بھی شرکت کی۔ ضیغم رضوی نے وزیراعلی سندھ کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی خواہش ہے کہ سندھ حکومت ہائوسنگ پر ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دے اور اپنے ذرائع سے کم لاگت کے گھر تعمیر کئے جائیں اور اسے صوبے کے غریب لوگوں کو آسان اقساط میں فراہم کئے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیراعلی سندھ کو مزید بتایا کہ اس حوالے سے وفاقی حکومت سندھ حکومت کے ساتھ تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو اس بات میں کوئی دلچسپی نہیں ہے کہ صوبائی حکومت اس منصوبے کو جو چاہے نام دے۔ اس موقع پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ کم لاگت کی ہائوسنگ اسکیم کا معاملہ کابینہ کے آئندہ اجلاس کے ایجنڈے میں رکھیں گے اور اس حوالے سے کابینہ جو بھی فیصلہ کرے گی اس سے وفاقی حکومت کو آگاہ کردیا جائے گا۔