کرپشن کے الزامات کے باعث آصف علی زرداری ایم این اے کے طور پر کام جاری نہیں رکھ سکتے

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی نجی نیوز چینل سے بات چیت

جمعہ 11 جنوری 2019 01:20

کرپشن کے الزامات کے باعث آصف علی زرداری ایم این اے کے طور پر کام جاری ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2019ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ بدعنوانیوں کے الزامات کے باعث آصف علی زرداری ایم این اے کے طور پر کام جاری نہیں رکھ سکتے۔ انہوں نے جمعرات کو نجی نیوز چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمہ کی طرف سے زرداری کی کرپشن بارے مصدقہ دستاویزات موصول ہو گئی ہیں، اس لئے پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری رکن قومی اسمبلی کے طور پر یا اس طرح کا کوئی عہدہ نہیں رکھ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ، فریال تالپور اور آصف زرداری اربوں روپے کے جعلی بینک اکائونٹس کے مقدمات کے بڑے عناصر ہیں۔ انہوں نے جعلی بینک اکائونٹس کے بینیفشری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جعلی اکائونٹس کے بینیفشری ہیں، جہاں تک مراد علی شاہ، فریال تالپور، آصف علی زرداری اور دیگر کے ناموں کا تعلق ہے، کابینہ کے اراکین نے ان افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ افراد کرپشن کے الزامات کی وجہ سے ملک سے فرار یا غائب ہو سکتے تھے اس لئے ان کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو بھی ان افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی ہدایت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو اب اپنا کردار ادا کرے گا اور یہ اب چند دنوں کی بات ہے جب تمام بڑے ملزمان جیل جائیں گے۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ کے مطابق پی پی پی کے مراد علی شاہ نے جعلی اکائونٹ کیس میں کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جعلی اکائونٹس کے ذریعے دھوکہ دہی کرنا پی پی پی کے رہنما مراد علی شاہ کے کردار کے بغیر ممکن نہیں تھا۔