Live Updates

ضلع ناظم اور نائب ناظم ایبٹ آبادکے انتخاب کیلئے تحریک انصاف نے 8 رکنی نئے پارلیمانی بورڈ کا اعلان

جمعہ 11 جنوری 2019 11:32

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2019ء) ضلع ناظم اور نائب ناظم ایبٹ آبادکے انتخاب کیلئے تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ نے نئے پارلیمانی بورڈ کا اعلان کر کے 8 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ 31 دسمبر کے پہلے نوٹیفکیشن کو معطل کر کے نئے بورڈ میں تین ممبران اسمبلی کا اضافہ کیا گیا ہے۔ عام انتخابات میں ضلع ناظم اور نائب ناظم کے مستعفی ہونے کے بعد عبوری ناظم اور نائب کا انتخاب کیا گیا تھا، اب الیکشن کمیشن کی جانب سے متوقع الیکشن شیڈول جاری ہونے کے حوالہ سے ضلع ناظم اور نائب ناظم کے انتخاب میں تحریک انصاف کی قیادت اور ممبران ضلع کونسل میں اختلافات کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

مرکزی سیکرٹریٹ نے 31 دسمبر کے نوٹیفکیشن میں پانچ رکنی پارلیمانی بورڈ تشکیل دیا تھا جبکہ 9 جنوری کے نوٹیفکیشن کے مطابق ضلعی صدر نقیب الله خان کی سربراہی میں رکن قومی اسمبلی علی خان جدون، سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی، صوبائی وزیر خوراک قلندر لودھی، چیئرمین ڈیڈک کمیٹی نذیر عباسی، مرکزی رہنما سابق امیدوار قومی اسمبلی این اے 15 علی اصغر خان، سردار خالد اور نعیم اختر تنولی کو ٹکٹ تقسیم کرنے کے حوالہ سے پارلیمانی بورڈ میں شامل کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

پہلے نوٹیفکیشن کے بعد سپیکر مشتاق احمد غنی، قلندر خان لودھی اور نذیر عباسی کو شامل کیا گیا ہے جنہوں نے خواہشمند امیدواروں سے سیکرٹریٹ میں درخواستیں 14 جنوری تک طلب کی ہیں۔ ضلع ناظم کے خواہشمند امیدواروں میں غضنفر علی عباسی ممبر ضلع کونسل نمل، نوید خان جدون کاکول، کرنل (ر) سردار شبیر نگری بالا اور ساجد عباسی شامل ہیں۔ ضلع ناظم سردار سعید انور مستعفی ہو کر دوبارہ میدان میں آنے کیلئے سرگرم عمل ہیں۔ ضلع نائب ناظم کے متوقع امیدواروں میں کامران گل ایڈوکیٹ ممبر ضلع کونسل یو سی جھنگی، اقبال خان جدون نواں شہر، سردار سفیر اور بابو جاوید اقبال کے نام گردش کر رہے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات