ضلعی انتظامیہ نے 2018ء کے دوران تجاوزات کے خلاف چار بڑے آپریشن کے دوران 135 ملین سے زائد کی اراضی واگزار کروائی ، پرائس چیکنگ کے دوران 73 لاکھ کے جرمانے وصول کر کے سرکاری خزانہ میں جمع کروائے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ ہری پور

جمعہ 11 جنوری 2019 12:02

ْ ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2019ء) ضلعی انتظامیہ نے سال 2018ء کے دوران تجاوزات کے خلاف چار بڑے آپریشن کے دوران 135 ملین سے زائد کی اراضی واگزار کروائی، پرائس چیکنگ کے دوران 73 لاکھ سے زائد کے جرمانے وصول کر کے سرکاری خزانہ میں جمع کروائے۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ ہری پور نے سالانہ سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ سال 2018ء کے دوران ضلعی انتظامیہ نے ڈپٹی کمشنر ہری پور زاہد پرویز وڑائچ قیادت میں صوبائی حکومت کی ہدایت پر تجاوزات کے خلاف چار بڑے آپریشن کئے جن میں ڈاکخانہ دو کنال اراضی مالیتی 70 ملین، رائے عامہ روڈ سے ایک کنال 7 مرلے اراضی مالیتی 40.72 ملین، ترناوہ روڈ سے 46 کنال اراضی مالیتی 25 ملین اور مکھن کالونی سے 6 کنال اراضی مالیتی 0.3 ملین واگزار کروائی۔

(جاری ہے)

تحصیل خانپور، غازی اور ہری پور میں 26 کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا جبکہ خواتین کے مسائل کے حل کیلئے تین خصوصی کھلی کچہریاں لگائی گئیں۔ دکانداروں سے دوران پرائس چیکنگ 73,12,050 روپے جرمانہ اور صوبائی واجبات کی مد میں 21,20,59,425 روپے قومی خزانہ میں جمع کروائے، اس کے علاوہ 1510 جلسہ عام کی ویڈیو ریکارڈنگ کی گئی اور 22881 ڈومیسائل جاری کئے گئے۔

ضلعی انتظامیہ کو 337 شکایات موصول ہوئیں جنہیں حل کیا گیا اور 14 محکمانہ انضباطی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں جبکہ سٹیزن پورٹل کے ذریعہ 2601 موصول شکایات کو حل کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے سال 2018ء کے دوران 3960 ڈرائیونگ اور 1940 اسلحہ لائسنس جاری کئے اور محکمہ صحت 229، محکمہ تعلیم کی 192، محکمہ مال کی 221 اور ترقیاتی سکیموں کی 122 انسپکشن کی گئیں۔

تربیلا جھیل کے مچھیروں کیلئے لگائے گئے فری میڈیکل کیمپ سے 292، ناڑہ امازئی، کلنجر اور ہلی میں لگائے گئے فری میڈیکل کیمپ سے 295 لوگ مستفید ہوئے۔ ضلعی انتظامیہ نے کھیلوں اور مقامی ثقافت کے فروغ کیلئے لئے گئے خصوصی اقدامات کے ذریعہ ہری پور ثقافتی میلہ، پاکستان باکسنگ مقابلہ، ہندکو مشاعرہ، ڈی سی ہری پور ہاکی چمپئین شپ اور ڈسٹرکٹ اتھلیٹکس چیمپئن شپ کا انعقاد کیا جبکہ حطار میں کام کرنے والے مزدوروں کیلئے شکایات سیل اور ڈسٹرکٹ میڈیا سیل بھی قائم کیا۔ ضلعی انتظامیہ نے خانپور فیسٹیول، صفائی مہم کا آغاز، شجرکاری مہم اور رنگ دے ہری پور کے مقابلے بھی منعقد کروائے۔