تپسی پنو کے فلم انڈسٹری کے حوالے سے حیران کن انکشافات

پیدائشی اداکارہ نہیں تھی اداکاری سیکھنے کے لیے بہت محنت کرنی پڑی کام کے بدلے جسمانی تعلقات کا مطالبہ کسی نے نہیں کیا، اداکارہ

جمعہ 11 جنوری 2019 12:17

تپسی پنو کے فلم انڈسٹری کے حوالے سے حیران کن انکشافات
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2019ء) بولی وڈ میں خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کیا جانا یا پھر انہیں کیریئر کے ابتدائی دور میں معمولی چیزوں کی بنیاد پر مسترد کیا جانا اب کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔متعدد اداکارائیں اور اداکار اپنے کیریئر کے ابتداء کی کہانیاں سامنے لا چکی ہیں اور ان اداکاراؤں میں نوجوان اداکارہ تپسی پنو بھی شامل ہیں۔

’پنک اور جڑواں‘ ٹو جیسی فلموں میں شاندار اداکاری دکھانے والی تپسی پنو اگرچہ پہلے بھی یہ انکشاف کر چکی ہیں کہ کیریئر کے آغاز میں انہیں محض اس لیے مسترد کیا گہ وہ پرکشش نہیں تھیں۔تپسی پنو نے گزشتہ برس مارچ میں کہا تھا کہ کیریئر کے آغاز میں انہیں کہا گیا کہ وہ خوبصورت اور دلفریب نہیں اور نہ ہی وہ اداکاری کرسکتی ہیں، اس لیے انہیں اداکاری کے لیے اتنا حساس نہیں ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

اداکارہ نے انکشاف کیا کہ انہیں بتایا گیا تھا کہ وہ فلاں یا فلاں کی بیٹی نہیں، ان کے نام کے ساتھ مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق کوئی نام نہیں جڑا۔تاہم اب انہوں نے اس حوالے سے مزید حیران کن انکشافات کرکے سب کو حیران کردیا۔انڈیا ٹوڈے کی جانب سے منعقد کردہ سیمینار میں تپسی پنو نے نہ صرف فلم انڈسٹری میں رائج رویات پر بات کی، بلکہ انہوں نے اپنی ذاتی زندگی اور محبت کے حوالے سے بھی کھل کر بات کی۔

اداکارہ نے ایک بار پھر بتایا کہ انہیں کیریئر کے آغاز میں ہی کہا گیا تھا کہ وہ اتنی پرکشش نہیں ہیں، تاہم پھر بھی حیران کن طور پر ان کی پہلی فلم ہی کامیاب گئی۔تپسی پنو کے مطابق اگرچہ انہوں نے کیریئر کا آغاز ہندی فلموں سے نہیں کیا تھا، تاہم ان کی تامل، تیلگو اور ہندی زبان میں ریلیز ہونے والی تمام پہلی فلمیں ہی کامیاب گئیں۔’جڑواں 2’ اداکارہ کا کہنا تھا کہ خوش قسمتی سے ان کی فلمیں کامیاب گئیں اور انہیں کبھی کسی فلم ساز کے در پر کام مانگنے کے لیے جانا نہیں پڑا۔

اداکارہ نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق بتایا کہ وہ کمپیوٹر سائنس کی طالبہ رہی ہیں اور وہ کمپیوٹر انجنیئر ہیں اور ایم بی اے کرنا ان کی خواب تھا، تاہم ایسا نہیں ہوسکا۔تپسی پنو نے بتایا کہ انہوں نے ایم بی اے سے قبل فارغ وقت میں فلموں میں کام کرنے کا سوچا اور اتفاق سے ان کی پہلی فلم ہی کامیاب ہوگئی اور پھر وہ اداکارہ ہی بن کر رہ گئیں۔تپسی پنو نے اعتراف کیا کہ وہ پیدائشی اداکارہ نہیں تھیں اور انہیں اداکاری سیکھنے کے لیے بہت محنت کرنی پڑی۔

پنک اداکارہ نے فلم انڈسٹری میں کاسٹنگ کاؤچ یعنی کام کے بدلے جسمانی تعلق پر بھی بات کی اور اس حوالے سے حیران کن انکشاف کیا۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ فلم انڈسٹری کا حصہ ہونے کے ناتے انہیں یہاں کی حیران کن کہانیوں کا پتہ ہے، تاہم ان کا تجربہ منفرد رہا۔تپسی پنو کے مطابق ان سے کبھی کسی نے کام کے بدلے جنسی تعلقات کا مطالبہ نہیں کیا اور نہ ہی انہیں کبھی کسی کی جانب سے ناروا سلوک کا سامنا کرنا پڑا۔

متعلقہ عنوان :