سعودی نوجوان کی پٹائی کرنے والا پاکستانی اپنے ساتھی سمیت گرفتار

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 11 جنوری 2019 13:21

سعودی نوجوان کی پٹائی کرنے والا پاکستانی اپنے ساتھی سمیت گرفتار
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 جنوری 2019ء) پولیس نے ایک سعودی نوجوان کی مار پیٹ کرنے والے دو ایشیائی تارکین وطن کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد میں سے ایک کا تعلق پاکستان جبکہ دُوسرے کا انڈونیشیا سے ہے۔ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ایک سعودی نوجوان شاہ الخرج میں واقع ہیلتھ امیر سلطان ہیلتھ سنٹر میں طبی معائنے کی غرض سے پہنچا تھا۔

متاثرہ سعودی نوجوان کی پاکستانی اور اُس کے انڈونیشین ساتھی کے ساتھ کسی بات پر تکرار ہوئی۔ جس پر دونوں غیر مُلکی کارکنان نے سعودی نوجوان کی ہیلتھ سنٹر میں واقع مسجد کے ٹوائلٹس کے قریب دُھلائی کر ڈالی۔ اتفاق سے قریب سے ہی ایک سعودی خاتون گُزر رہی تھی جو اپنے میڈیکل چیک اپ کی غرض سے وہاں آئی تھی۔

(جاری ہے)

اُس نے اپنے موبائل سے ہم وطن نوجوان کی پٹائی کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دی۔

جو چند گھنٹوں میں ہی وائرل ہو گئی۔ویڈیو دیکھنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے نوجوان کو زد و کوب کرنے والے غیر مُلکیوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا جس پر پولیس نے پاکستانی اور اُس کے انڈونیشیائی ساتھی کی شناخت کر کی اُنہیں گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق دونوں گرفتار شُدگان امیر سلطان ہیلتھ مرکز میں ہی ملازم تھے۔ تاہم اس لڑائی جھگڑے کے پسِ پردہ محرکات ابھی تک ظاہر نہیں کئے گئے۔