ملکی و غیر ملکی اقتصادی ماہرین نے آئی ایم ایف کی شرائط کو خطرناک قرار دے دیا

وزیر خزانہ اسد عمر کی جانب سے کیے گئے انکشاف کے مطابق ان سے ملاقات کرنے والے ایک بھی ماہر معیشت نے آئی ایم ایف کی موجودہ شرائط کو قابل قبول قرار نہیں دیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 11 جنوری 2019 15:14

ملکی و غیر ملکی اقتصادی ماہرین نے آئی ایم ایف کی شرائط کو خطرناک قرار ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11جنوری2019ء) ملکی و غیر ملکی اقتصادی ماہرین نے آئی ایم ایف کی شرائط کو خطرناک قرار دے دیا، وزیر خزانہ اسد عمر کی جانب سے کیے گئے انکشاف کے مطابق ان سے ملاقات کرنے والے ایک بھی ماہر معیشت نے آئی ایم ایف کی موجودہ شرائط کو قابل قبول قرار نہیں دیا۔ تفصیلات کے مطابق معروف اور سینئر صحافی جاوید چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے قرض کی فراہمی کیلئے اس مرتبہ خطرناک شرائط رکھی گئی ہیں۔

جاوید چوہدری کے مطابق ملکی و غیر ملکی اقتصادی ماہرین نے آئی ایم ایف کی شرائط کو خطرناک قرار دے دیا ہے۔ اس حوالے سے وزیر خزانہ اسد عمر کی جانب سے کیے گئے انکشاف کے مطابق ان سے ملاقات کرنے والے ایک بھی ماہر معیشت نے آئی ایم ایف کی موجودہ شرائط کو قابل قبول قرار نہیں دیا۔

(جاری ہے)

اسی لیے وزیر خزانہ نے فیصلہ کیا ہے کہ آئی ایم ایف سے قرضہ صرف اسی صورت حاصل کیا جائے گا جب ان کی جانب سے شرائط نرم کی جائیں گی۔

ورنہ پاکستان آئی ایم ایف سے قرضہ نہیں لے گا۔ وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے بغیر اپنے مالی بحران پر قابو پاسکتا ہے اور آئی ایم ایف سے قرض کے لئے رجوع کئے بغیر بھی اپنی معیشت کو بہتر بناسکتا ہے۔ انہوں نے ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سعودی عرب سے غیر مشروط اور کم ترین سود کی شرح 3 فی صد پر مالیاتی پیکج حاصل کر رہی ہے۔

انہوں نے ملک میں افراط زر کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کم آمدنی والے افراد کے لئے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کرے گی۔وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ دسمبر میں ملک کی برآمدات کے حجم میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے، تاہم پاکستان کے دسمبر میں زرمبادلہ کے ذخائر 7.2 ارب ڈالر رہے جوہمارے غیر ملکی قرضوں کی ادائیگی کے لئے کافی نہیں ہیں ۔