پیمرا سٹاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے غیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ اور چینلز کے خلاف جاری مہم کو مزید تیز کرے ،چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ

جمعہ 11 جنوری 2019 18:06

پیمرا سٹاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے غیر قانونی انڈین ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2019ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹر ی اتھارٹی(پیمرا) کے چیئرمین محمد سلیم بیگ کہا ہے کہ عدالت عظمی کے فیصلے پر سختی سے عمل درآمد کے لئے پیمرا سٹاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے غیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ اور چینلز کے خلاف جاری مہم کو مزید تیز کرے ۔ترجمان پیمرا کے مطابق چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ نے ریجنل آفس لاہور کا دورہ کیا۔

ریجنل جنرل منیجر عائشہ منظور وٹو نے لاہور ریجن کی لائسنسنگ ، قوانین کے نفاذ اور دیگر عملی و پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ چیئرمین پیمرا کو پیمرا فیلڈ سٹاف کی دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے غیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ اور چینلز کے خلاف جاری مہم سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

چیئرمین پیمرا نے اس بات پر زور دیا کہ ریجنل آفس کو مزید فعال بناتے ہوئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے جائز مطالبات کو پورا کیا جائے اورپیمرا قوانین اور ضابطہٴ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

مزید برآں ، انڈین مواد کے خاتمے سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے پرزور دیتے ہوئے انہوں نے اس حوالے سے کیبل آپریٹرز اور ٹی وی چینلز کے کرداراور تعاون کو سراہا۔ اس دورے کے موقع پر چیئرمین پیمرا نے لاہور کے کیبل آپریٹرز کے وفد سے بھی ملاقات کی اور تلقین کی کہ اپنی نشریات کو پیمرا قوانین کے مطابق ڈھالیں اور انڈین مواد کی نشریات کو مکمل طور پر بندرکھنے کی تلقین کی۔

اس موقع پر کیبل آپریٹرز نے چیئرمین پیمرا کو ڈیجٹیلائزیشن کے حوالے سے کئے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ چیئرمین پیمرا نے کیبل آپریٹرز کے مسائل سننے کے بعد ہر ممکن تعاون اور حل کی یقین دہانی کرائی۔ حالیہ دورے کے دوران ہال روڈ لاہور کے ٹریڈرز اور امپورٹرز کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے چیئرمین پیمرا نے اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ ان کے تمام جائز مسائل خاص طور پر الیکٹرانک میڈیا سے متعلق سامان کی درآمد کے حوالے سے تمام معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور اس ضمن میں طریقہٴ کار کو مزید آسان کر نے کا یقین دلایا۔

پیمراآفیسرز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے ریگولیٹر کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ریگولیٹر تہذیب کے دائرے میں رہ کر اپنے فرائضِ منصبی انجام دیں، تاہم جب بات قوانین پر عمل درآمد کی ہو تو کوئی نرمی نہ برتی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پیمرا کے مفادات ہمارے اولین ترجیح ہیں اور تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اسٹیک ہولڈرز کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل (آپریشنز) محمد فاروق، جنرل منیجر (آپریشنز) محمد طاہر اور سیکریٹری اتھارٹی فخرالدین مغل بھی ان کے ساتھ تھے۔