ملک بھر میں گیس کے بدترین بحران نے عوام کے لیے مشکلات کھڑی کر دی ہیں‘امیر العظیم

حکومت مسائل کو نظرانداز کرنے کی بجائے سنجیدگی دکھائے، عوامی مسائل کو حل کرناحکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے گھریلوصارفین کے ساتھ انڈسٹریز کوبلاتعطل گیس فراہمی کے فوری اقدامات کئے جائیں‘امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب

جمعہ 11 جنوری 2019 18:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2019ء) امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہپنجاب سمیت ملک بھر میں گیس کے بدترین بحران نے عوام کے لئے مشکلات کھڑی کردی ہیں۔کئی کئی گھنٹوں تک گیس کی عدم دستیابی اور پریشر کم ہونے سے کھاناپکانا ممکن نہیں رہا۔گھروں میں چولہے ٹھنڈے پڑچکے ہیں۔بجلی وگیس کی لوڈشیڈنگ اورپریشرمیں کمی کاسلسلہ گزشتہ کئی دنوں سے سنگین نوعیت اختیار کرچکا ہے مگر متعلقہ ادارے اور حکمران اس حوالے سے عوام کی آہ وبکاپر کسی قسم کی کوئی توجہ نہیں دے رہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزلاہور میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ گیس اور بجلی کی طویل بندش پرلوگ بلبلااٹھے ہیں۔پنجاب کے کئی شہروں میںعوام سراپااحتجاج ہیں۔

(جاری ہے)

بجلی اور گیس کے بحران کی وجہ سے لوگوں کے روزمرہ کے معاملات درہم برہم اور زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔انہوں نے کہاکہ عوامی مسائل کو حل کرناحکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔

حکومت بجلی وگیس کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے محض دعوئوںاور باتوں کی بجائے سنجیدگی دکھائے اور عملی اقدامات کرے۔گیس کی کمیابی عوام الناس کے لئے اذیت کاباعث بن چکی ہے۔انہوں نے کہاکہ بجلی وگیس کی لوڈشیڈنگ نے ملکی معیشت کوناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔مزدوروں کے لئے روزگار کے مواقع ختم ہوکر رہ گئے۔سرمایہ دار پاکستان میں نامساعد حالات کے پیش نظر سرمایہ کاری کرنے سے گریزاں ہیں۔

گھریلوصارفین کے ساتھ ساتھ انڈسٹریزکوبلاتعطل گیس کی فراہمی کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔امیر العظیم نے مزیدکہاکہ کسی بھی ملک کی ترقی کاانحصار معدنی وسائل پر ہوتا ہے ۔الحمدللہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ملک ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ دنیا کے سامنے کشکول پھیلانے کی بجائے قومی غیرت کامظاہرہ کرتے ہوئے ملکی ترقی وخوشحالی کیلئے اپنے وسائل پرانحصار کیاجائے۔