Live Updates

بیوہ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں ٹیکس سےمستثنیٰ قراردینےکی تجویز

وزیراعظم عمران خان نے وزارت کامرس اور ایف بی آر سے30روز میں سفارشات طلب کرلیں، حکومت کا معذور سرکاری ملازمین کو بھی انکم ٹیکس چھوٹ دینے پر غور

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 11 جنوری 2019 18:43

بیوہ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں ٹیکس سےمستثنیٰ قراردینےکی تجویز
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 جنوری2019ء) وفاقی حکومت نے بیوہ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں ٹیکس سے مستثنیٰ قراردینے کی تجاویز پر غور شروع کردیا، جبکہ معذور سرکاری ملازمین کو بھی انکم ٹیکس چھوٹ دینے پر غور کیا جارہا ہے، وزیراعظم نے وزارت کامرس اور ایف بی آر سے سفارشات طلب کرلی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے معذور سرکاری ملازم کی شکایت پر فوری ایکشن لے لیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے معذورافراد کی آمدنی اور زیراستعمال اشیاء سے متعلق ٹیکس چھوٹ کیلئے اداروں سے سفارشات طلب کرلی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 30 روز میں وزارت کامرس اور ایف بی آر سفارشات بھیجیں۔ وزیراعظم نے تمام بیوہ سرکاری خواتین کی تنخواہیں ٹیکس سے مستثنیٰ قراردینے کی تجاویزسمیت معذور سرکاری ملازمین کو انکم ٹیکس چھوٹ دینے کیلئے تجاویز بھی طلب کی ہیں۔

(جاری ہے)

معذور شہری نے پاکستان سیٹزن پورٹل پروزیراعظم کو درخواست کی ہے کہ وہیل چیئر، مصنوعی اعضاء سمیت دیگر اشیاء پر ٹیکس سے چھوٹ دی جائے۔ مخصوص افراد کی آمدنی پر ٹیکس کی چھوٹ دی جائے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کم آمدنی والے طبقہ کے لئے بجلی اور گیس کی قیمتیں نہیں بڑھائی گئیں،تحریک انصاف کی حکومت کے پہلے پانچ ماہ کے دوران گزشتہ دو ادوار کی نسبت مہنگائی کی شرح کم رہی ہے۔

جمعرات کو یہاں وزارت خزانہ میں اینکر پرسنز کے ساتھ ایک نشست میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضمنی فنانس بل میں 90 فیصد اقدامات ملکی برآمدات، کاروبار اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر مبنی ہوں گے۔ یہ فیصلہ کاروباری برادری کے اعتماد کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کا بھی مؤقف ہے کہ جون تک انتظار کرنے کی بجائے ابھی سے کچھ اقدامات کر لئے جائیں جن میں سے بعض فوری نوعیت کے ہوں گے جبکہ دیگر کا اطلاق جولائی سے ہو گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات