راولپنڈی، اسلام آباد سمیت گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش ، پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

جمعہ 11 جنوری 2019 21:37

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2019ء) راولپنڈی، اسلام آباد سمیت گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق (آج) ہفتہ کو مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، مردان، سرگودھا، گوجرانوالہ، راولپنڈی، لاہور ڈویژن، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ فیصل آباد اور ساہیوال ڈویژن میں چند مقامات پر مزید بارش کا امکان ہے۔

اس دوران مالاکنڈ ڈویژن (سوات، چترال، کالام، مالم جبہ، اپردیر)، ہزارہ ڈویژن، مری، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مزید برف باری ہو گی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ،کوہاٹ، راولپنڈی ڈویژن،کشمیر اورگلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ کوئٹہ، قلات، پشاور، فیصل آباد، سرگودہا، لاہور، ڈی جی خان، ساہیوال اور بہاولپور ڈویژن اور اسلام آباد میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری ریکارڈ کی گئی۔

(جاری ہے)

ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ سب سے زیادہ بارش مالم جبہ20،کالام11، پارا چنار 10،سیدو شریف، دیر09، پٹن، بالاکوٹ04، لوئیر دیر02، بگروٹ06، ہنزہ02، بونجی 01، راولاکوٹ07، مظفرآباد05، گڑھی دوپٹہ 03، مری 04، جھنگ، فیصل آباد، بھکر، چکوال، لاہور(سٹی)میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ مالم جبہ 07،کالام08، مری، بگروٹ، استور 02، ہنزہ، گلگت اور اسکردو میں ایک انچ برف باری ریکارڈ کی گئی۔ جمعہ کو ملک میں کم سے کم درجہ حرارت بگروٹ منفی 09، اسکردو، استور،گوپس منفی 08، کالام، ہنزہ منفی 06، مالم جبہ منفی 05، پارہ چنار منفی 04، مری، دیر منفی 03، گلگت منفی 02، بونجی، قلات، میرکھانی اور دروش میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔