احسن اقبال کی وزیراعظم،وزیراعلیٰ کیخلاف مقدمہ درج کروانےکی دھمکی

سابق وزیراعظم کو طبی سہولیات کی عدم فراہمی پر اظہارتشویش، نوازشریف کو کچھ ہوا تو وزیراعظم، وزیراعلیٰ، سیکرٹری داخلہ اور سپرنٹنڈنٹ جیل کیخلاف مقدمہ درج کروائیں گے۔ ن لیگ کے مرکزی رہنماء احسن اقبال کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 11 جنوری 2019 20:13

احسن اقبال کی وزیراعظم،وزیراعلیٰ کیخلاف مقدمہ درج کروانےکی دھمکی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 جنوری2019ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء احسن اقبال نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو طبی سہولیات فراہم نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خبردار کیا ہے کہ نوازشریف کو کچھ ہوا تومقدمہ درج کروائیں گے، مقدمہ وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب، سیکرٹری داخلہ اور سپرنٹنڈنٹ جیل کیخلاف درج کروائیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیراعظم نوازشریف کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ان کے بازو میں سارا دن درد کی شکایت رہی۔ نوازشریف کا معالج سارا دن ان کا طبی معائنہ کرنے کیلئے جیل کے باہر بیٹھا رہا لیکن انہیں ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔ نوازشریف کی صحت کو لاحق خطرات سے متعلق ن لیگی رہنماؤں کا شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔

(جاری ہے)

احسن اقبال کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی صحت کو کچھ ہوا تومقدمہ درج کروائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مقدمہ وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب، سیکرٹری داخلہ اور سپرنٹنڈنٹ جیل کیخلاف درج کروائیں گے۔ اسی طرح ن لیگ کی مرکزی رہنماء مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کے بازومیں دن بھردرد رہا۔ نوازشریف کے بازومیں درد ہے یہ انجائنا ہوسکتا ہے۔ نوازشریف کے معالجوں نے سارادن کوشش کی لیکن ڈاکٹرز کو جیل حکام نے نوازشریف سے ملاقات کی اجازت نہیں دی۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی پیچیدہ میڈیکل ہسٹری کے باعث انہیں قابل اعتماد ڈاکٹر کودکھانے کی ضرورت ہے۔ ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نوازشریف کےمعالجین امراض قلب کوجیل میں نوازشریف تک رسائی نہ دیناظلم ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نوازشریف کےعلاج میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ نوازشریف کی صحت کوکچھ ہوا توعوام حکومت کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔

واضح رہے جیل حکام نے نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کوملاقات کی اجازت نہیں دی۔ ڈاکٹرعدنان کا کہنا ہے کہ میں نے صبح سے شام تک کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کا انتظار کرتا رہا۔ لیکن مجھے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔ سابق وزیراعظم کے بازومیں وقفے وقفے سے دردکی شکایت ہے۔ نوازشریف د ل کے عارضے میں مبتلا ہیں اس لیے ان کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔

سابق وزیراعظم نوازشریف کے ذاتی معالج کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کو انجائنا کا خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ فوری علاج نہ کیا گیا تو نوازشریف کی صحت سے متعلق کوئی بھی خطرناک صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ ڈاکٹر عدنان کا کہنا ہے کہ جیل حکام نے میری شام کو جیل کے ڈاکٹر سے بات کروائی۔ مجھے کہا گیا ہے کہ آپ پیر کو ملاقات کر لینا۔ لیکن میرے خیال میں نوازشریف کا فوری طبی معائنہ کرنا بہت ضروری ہے۔ اگر نوازشریف کا فوری چیک اپ کے بعد علاج نہ کیا گیا توان کی صحت اور زندگی کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔