گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت کراچی ٹرانسفارمیشن کمیٹی کا اجلاس

جمعہ 11 جنوری 2019 21:54

گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت کراچی ٹرانسفارمیشن کمیٹی کا ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2019ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت کراچی ٹرانسفارمیشن کمیٹی کا اجلاس گورنر ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی، ایم این اے آفتاب صدیقی، ایم این اے محمد نجیب ہارون، ایم پی اے فردوس شمیم نقوی، ایم پی اے خرم شیر زمان، ایم پی اے حسنین مرزا، میئر کراچی وسیم اختر، سابق ایم پی اے فیصل سبزواری، سابق ایم پی اے ثمر علی خان، کے آئی ڈی سی ایل کے سی ای او صالح فاروقی، حب پاور ہولڈنگ لمیٹڈ کے سی ای او روحیل محمد سمیت دیگر ممبران نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں ٹرانسپورٹ، واٹر، ماسڑ پلان اور انوسٹمنٹ کے 4 ورکنگ گروپ بھی تشکیل دیئے گئے۔ جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے ورکنگ گروپس کے ممبران کو کراچی انفرااسٹرکچر ڈولپمنٹ کمپنی کے ساتھ مل کر کراچی شہر کے لئے جلد جامع پلان بنانے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ورکنگ گروپس شہر کی مزید بہتری کے لئے اپنی سفارشات جلد از جلد حکومت سندھ کو فراہم کرے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کو دنیا کے 50 خوبصورت شہروں کی فہرست میں لانے کے لئے کمیٹی اپنی سفارشات حکومت سندھ اور لوکل گورنمنٹ کو پیش کرے تاکہ کراچی کی خوبصورتی کو جلد از جلد بحال کیا جا سکے جس کے لئے حکومت سندھ اور لوکل گورنمنٹ کے ساتھ رابطوں کو مزید مربوط اور موثر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اجلاس میں کراچی کے تمام اسٹیک ہولڈرز کا اعلی سطحی اجلاس جلد از جلد بلانے کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کو مزید فعال بنانے کے اقدامات کو باہمی مشاورت سے عملی جامہ پہنایا جائے۔ میئر کراچی وسیم اختر نے لوکل گورنمنٹ کی جانب سے کمیٹی کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس ضمن میں کراچی کے شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لئے میئر کراچی کی صدارت میں ورکنگ گروپ بھی تشکیل دیا جائے گا۔ کمیٹی نے وفاقی حکومت کے تحت کراچی میں جاری تمام منصوبوں کو جلد ازجلد مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔