صوبائی وزیر سیاحت راجہ یاسر ہمایوں سرفراز کی زیرصدارت سیاحت کے فروغ بارے اجلاس

سیاحتی اعتبار سے موزوں اضلاع میں توجہ دی جا رہی ہے، یاسر ہمایوں سرفراز

جمعہ جنوری 23:08

لاہور۔11 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جنوری2019ء) وزیر برائے سیاحت و اعلیٰ تعلیم راجہ یاسر ہمایوں سرفراز کی زیرصدارت پنجاب میں سیاحت کے فروغ کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری سیاحت ندیم محبوب، ایم ڈی ٹی ڈی سی پی احمد ملک سمیت پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈکے افسران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر کو ورلڈ بنک کے تعاون سے پنجاب میں سیاحت کے فروغ کیلئے منصوبہ بندی سے آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر کا کہنا تھاکہ ورلڈ بنک کی جانب سے سیاحت کے فروغ اور معاشی ترقی کیلئے 55ملین ڈالر کا صحیح استعمال یقینی بنا یا جائے۔ منصوبہ کی تکمیل کے بعد معاشی فوائد نظر بھی آنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سیاحت کے حوالے سے ایک جامع پالیسی تشکیل دے رہی ہے جس کے تحت پنجاب میں سیاحت اعتبار سے موزوں اضلاع میں خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ورلڈ بنک کے تعاون سے ان علاقوں میں سڑکوں کی بہتری، سیاحوں کیلئے ہوٹلز اور ریسٹ ہاوسز کی تعمیرکے علاوہ دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کا مقصد مقامی لوگوں کو روزگار کی فراہمی اور معیشت کا استحکام ہے۔ پنجاب میں مذہبی ، تاریخی اور ثقافتی اعتبار سے اہم دس اضلاع میں منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں۔ حکومت نجی شعبہ کی جانب سے سیاحت کے فروغ کیلئے سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے جبکہ نجی شعبہ کی سہولت کیلئے ون ونڈآپریشن شروع کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :