بھارت 2021ء میں اپنا پہلا انسان بردار راکٹ خلا میں بھیجے گا

ہفتہ 12 جنوری 2019 11:35

بھارت 2021ء میں اپنا پہلا انسان بردار راکٹ خلا میں بھیجے گا
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2019ء) بھارتی خلائی ادارے کے سربراہ کے سیوان نے کہا ہے کہ ان کا ادارہ دسمبر 2020ء اور جولائی 2021ء کے درمیان خلائی مہمات روانہ کرے گا۔ جس کے بعد ان کا ہدف دسمبر 2021ء تک خلاء میں انسانی مشن بھیجنا ہے۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ بہت ممکن ہے کہ خلا میں بھیجے جانے والے بھارت کے پہلے مشن میں ایک خاتون خلانورد بھی شامل ہو۔

انہوں نے کہا کہ خلابازوں کی ابتدائی تربیت بھارت میں جب کہ ایڈوانس ٹریننگ روس میں ہو گی۔

(جاری ہے)

پچھلے سال بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی تقریر میں یہ اعلان کیا تھا کہ بھارت 2022 میں اپنے 75 ویں یوم آزادی موقع پر خلا میں جو راکٹ بھیجے گا اس میں بھارت کا ایک بیٹا اور بیٹی بھی سوار ہو گی جو اس سفر میں قومی جھنڈا لے کر جائیں گے۔بھارت کے اخبار ہندوستان ٹائمز اور انڈیا نیوز کے مطابق خلا میں انسان لے جانے والے راکٹ گگیان کا انسانی عملہ تین افراد پر مشتمل ہو گا اور وہ 7 دن تک خلا میں رہیں گے۔ اس خلائی مشن پر لاگت کا اندازہ دس ارب بھارتی روپے لگایا گیا ہے۔واضح رہے کہ روس، امریکہ اور چین خلاء میں انسانی مشن بھیج چکے ہیں۔