شارجہ: اپنی ٹیم کی حمایت کرنے والے بھارتیوں کو اماراتی نے پنجرے میں قید کر ڈالا

واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شارجہ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 12 جنوری 2019 11:31

شارجہ: اپنی ٹیم کی حمایت کرنے والے بھارتیوں کو اماراتی نے پنجرے میں ..
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 جنوری 2019ء) شارجہ میں ایک اماراتی کفیل نے اپنے فارم ہاؤس پر ملازم بھارتی باشندوں کو محض اس وجہ سے پرندوں کے بڑے پنجرے میں قید کر ڈالا کیونکہ اُنہوں نے چند روز قبل بھارت اور متحدہ عرب امارات کی فٹ بال ٹیموں کے درمیان ہونے والے انٹرنیشنل میچ میں اپنے وطن کی حمایت کی تھی۔ اس واقعے کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پرندوں کے ایک بڑے سے پنجرے میں بہت سے بھارتی باشندے نظر آ رہے ہیں۔

اماراتی مالک اُن سے سوال کرتا ہے کہ وہ کس فٹ بال ٹیم کی سپورٹ کرتے ہیں تو پنجرے میں بند ملازمین کہتے ہیں، انڈین ٹیم کی۔ اس پر وہ اماراتی اُنہیں ڈانٹ کر کہتا ہے۔ یہ بالکل بھی اچھی بات نہیں ہے کیونکہ وہ امارات میں رہتے ہیں، اس لیے اُنہیں اسی مُلک کی فٹ بال ٹیم کو سپورٹ کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

اس کے بعد وہ دوبارہ پنجرے کو جنگلے پر دوبارہ اپنی چھڑی مار کر پُوچھتا ہے۔

ہاں بھئی بتاؤ کس ٹیم کو سپورٹ کرتے ہو؟ اس کے جواب میں پنجرے میں قید تمام بھارتی افراد پُکار اُٹھتے ہیں، اماراتی ٹیم کو۔ اس جواب پر خوش ہو کر اماراتی مالک اُنہیں پنجرے سے باہر آنے دیتا ہے۔ اس کے بعد وہ میچ سے قبل ہی اماراتی ٹیم کی جیت کا جشن منا لیتا ہے۔ واضح رہے کہ یہ میچ امارات نے بھارت کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرا کر جیت لیا تھا۔

اس واقعے کی ویڈیو نے دُنیا بھر میں تہلکہ مچا دیا تھا اور سوشل میڈیا صارفین نے مطالبہ کیا تھا کہ اماراتی شخص کو اس کی اس غیر انسانی حرکت پر گرفتار کیا جائے۔ اس واقعے پر اشتعال ظاہر ہونے کے بعد مالک نے ایک اور وڈیو جاری کی جس میں وہ اپنے اُنہی ورکروں کے ساتھ کھڑا ہے، جنہیں اُس نے پنجرے میں قید کر رکھا تھا۔ اس ویڈیو میں اماراتی مالک کہتا ہے کہ اُس نے یہ ویڈیو مذاق کے طور پر بنائی تھی۔

یہ تمام افراد اُس کے پاس ملازم ہیں جن میں سے ایک اُس کے پاس بائیس سال سے کام کر رہا ہے۔ یہ تمام ملازمین اُس کے فارم پر کام کرتے ہیں۔ مالک یہ دعویٰ بھی کرتا ہے کہ وہ اور ملازمین ایک ہی پلیٹ میں سے کھانا کھاتے ہیں۔ میں نے نہ تو اس ویڈیو کے دوران انہیں مارا پیٹا اور نہ ہی حقیقت میں انہیں پنجرے میں بند کیا تھا۔ یہ سب محض مذاق ہی تھا۔ دُوسری جانب اماراتی حکام حرکت میں آ گئے ہیں۔

انہوں نے اماراتی مالک کو گرفتار کر لیا ہے۔ اور اُس کی اس حرکت کو شرمناک اور اماراتی اقدار کے انتہائی منافی قرار دیا ہے۔اماراتی قانون کے مطابق ملزم کو چھ ماہ سے لے کر دس سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ پچاس ہزار درہم سے بیس لاکھ درہم تک کا جرمانہ بھی عائد ہو سکتا ہے۔ آپ بھی یہ عجیب و غریب ویڈیو دیکھیے۔