چین کیلئے جاسوسی کے شبے میں ہواوے کے اعلیٰ افسر پولینڈ سے گرفتار

ْایک پولش شہری کو بھی حراست میں لے لیاگیا،دونوں افراد کے اپارٹمنٹ اور دفاتر کی بھی تلاشی

ہفتہ 12 جنوری 2019 13:03

چین کیلئے جاسوسی کے شبے میں ہواوے کے اعلیٰ افسر پولینڈ سے گرفتار
وارسا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2019ء) پولینڈ نے چینی ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی ہواوے کے اعلیٰ افسر اور ان کے ہمراہ ایک پولش شہری کو چین کے لیے جاسوسی کرنے کے شبے میں گرفتار کر لیا۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق پولش اسپیشل سروسز کے ترجمان اسٹینیسلو زیرن نے بتایا کہ دونوں افراد کو چین کے لیے جاسوسی اور پولینڈ کو نقصان پہنچانے کے شبے میںآٹھ جنوری کو گرفتار کیا گیا تھا۔

ترجمان نے چینی شخص کا نام ویجنگ ڈبلیو اور پولش شخص کا نام پیوٹر ڈی بتایا۔انہوں نے بتایا کہ دونوں افراد کے اپارٹمنٹ اور دفاتر کی تلاشی بھی لی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ پولش شہری کئی ریاستی اداروں میں ملازمت بھی کرچکا ہے۔اس حوالے سے پولینڈ اسپیشل سروسز کے ڈپٹی سربراہ نے بتایا کہ انفارمیشن سیکٹر میں مقبول ایک پولش شخص کو بھی چینی شہری کے ساتھ مل کر جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ گرفتار چینی شہری ایک کاروباری شخص ہیں اور ایک اہم ٹیلی کام کمپنی میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔جاسوسی کے الزام میں گرفتار چینی شخص کو پولینڈ کے مقامی میڈیا کی جانب سے ہواوے کی پولش شاخ کا ڈائریکٹر قرار دیا جارہا ہے۔اس حوالے سے چینی وزارت خارجہ نے بتایا کہ وہ اپنے شہری کی گرفتاری پر شدید تشویش کا شکار ہیں۔دوسری جانب ہواوے نے ایک مختصر بیان میں کہا کہ وہ اس معاملے سے آگاہ ہیں، اس پر کام کر رہے ہیں اور اس پر مزید تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔

پولش میڈیا کے مطابق پیوٹر ڈی پولینڈ کی کاؤنٹر انٹیلی جنس سروس اے بی ڈبیلو کے سابق ایجنٹ تھے اور اب فرانسیسی موبائل فون کمپنی 'اورنج پولسکا' کی پولش برانچ میں سائبر سیکیورٹی کنسلٹنٹ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔اورنج پولسکا کے ترجمان واجسیچ جابکینککی کے ترجمان نے بتایا کہ اے بی ڈبلیو کے افسران ہمارے ایک ملازم کا سامان لے کر گئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ ہمیں نہیں معلوم کہ قبضے میں لیا گیا سامان ان کے کام سے مطابقت رکھتا ہے یا نہیں۔خیال رہے کہ دسمبر میں جمہوریہ چیک کی سائبر سیکیورٹی ایجنسی نے ہواوے اور ان کی ساتھی کمپنی زیڈ ٹی ای کے سافٹ ویئر اور ہارڈ ویئر کے استعمال سے متعلق خبردار کرتے ہوئے اسے ریاستی سیکیورٹی کے لیے خطرہ قرار دیا تھا۔اس سے قبل ہواوے کی چیف فنانشل آفیسر مینگ وانڑو کو کینیڈا کے شہر وانکوور میں یکم دسمبر کو گرفتار کیا گیا تھا۔

مینگ وانژو کو امریکا کی درخواست پر گرفتار کیا گیا تھا اور ان پر امریکا کے ساتھ دھوکا دہی کے الزامات عائد ہیں، جو ثابت ہونے کی صورت میں انہیں 30 سال قید کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔چین نے مینگ وانڑو کی گرفتاری کو انتہائی گھناؤنا قدم قرار دیتے ہوئے کینیڈا کو خبردار کیا تھا کہ اگر انہیں فوری طور پر رہا نہ کیا گیا تو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔بعد ازاں کینیڈا کے شہر وان کوور کی عدالت نے مینگ وانڑو کو 75 لاکھ ڈالر کے عوض ضمانت پر رہا کیا تھا۔