Live Updates

نواز شریف ،شہباز شریف کو طبی سہولیات دانستہ طور پر نہیں دی جا رہیں ،

انکی صحت کو کوئی نقصان ہوا تو ذمہ دار وزیر اعظم ہونگے‘احسن اقبال

ہفتہ 12 جنوری 2019 14:42

نواز شریف ،شہباز شریف کو طبی سہولیات دانستہ طور پر نہیں دی جا رہیں ،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2019ء) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف کو طبی سہولیات دانستہ طور پر نہیں دی جا رہیں ،انکی صحت کو کوئی نقصان ہوا تو ذمہ دار وزیر اعظم ہوں گے،ہماری حب الوطنی کو ہماری کمزوری نہ سمجھی جائے ،مشرف کی آمریت کو پاش پاش کیا تو عمران کی سلیکٹ حکومت کا مقابلہ کرنا ہمارا بائیں ہاتھ کا کام ہے ،موجودہ حکومت کا عالمی سازش کے تحت لایا گیا ،سپریم کورٹ جے آئی ٹی بنائے جو علیمہ خان کی بیرون ملک جائیدادیں سامنے لائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کوٹ لکھپت جیل لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔احسن اقبال نے کہا کہ ہمارا آج یہاں آنے کا مقصد احتجاج ریکارڈ کروانا ہے ، نواز شریف اور شہباز شریف کو طبی سہولیات دانستہ طور پر نہیں دی جا رہیں ،یہ جیل قوانین اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے ،لاہور: ہم اس سارے معاملے کو انتقامی ہتھکنڈے کہتے ہیں ،ہم نے مشرف کی آمریت کو پاش پاش کیا عمران کی سلیکٹ حکومت کا مقابلہ کرنا ہمارا بائیں ہاتھ کا کام ہے۔

(جاری ہے)

نواز شریف کی صحت کو کوئی نقصان ہوا تو اس کے ذمہ دار وزیر اعظم ، وزیر علیٰ، وزیر داخلہ اور جیل سپریڈنٹ ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو سردی کے موسم میں مناسب سہولتیں نہیں دی جا رہیں ، انہیں دل کا عارضہ لاحق ہے لیکن ان کے ذاتی معالج کو اجازت نہیں دی گئی ، یہ حکومت ہٹلر کے زمانہ کی یادیں تازہ کر رہی ہے ،ہماری حب الوطنی کو ہماری کمزوری نہ سمجھی جائے ، نواز شریف کو کچھ ہوا تو کراچی سے گوادر تک اپنی طاقت کا مظاہرہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لئے انتقام پر اتر آئی ہے ،اب مریضوں کو دوائیوں سے محروم کر دیا گیا ہے ہم دوائیوں کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہیں ۔ احسن اقبال نے کہا کہ نواز شریف نے کبھی کسی پاکستانی سے چندہ نہیں مانگا۔ عمران خان کی ایمانداری کا میک اپ اتر چکا ہے اور انہوں نے قوم کے چندوں سے بھی دھوکہ کیا ہے ،ڈیم کے نام پر 13ارب کے اشتہار لگا کر 9ارب اکھٹے ہوئے ،بیرون ملک پاکستانی بھی اس حکومت پر اعتماد نہیں کر رہے ، سرمایہ کار یا تو فرار ہو گیا ہے یا انڈر گرائونڈ جا چکا ہے ۔

5سے 7لاکھ لوگ بے روزگار ہو چکے ہیں۔آرمی چیف کو موجودہ حالات دیکھ کر میدان میں اترنا پڑا ہے اور وہ خود تاجروں کو حوصلہ دے رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کو عالمی سازش کے تحت لایا گیا ہے ، یہ حکومت قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکی ہے ۔ کچھ قوتیں نہیں چاہتیں تھیں کہ سی پیک آگے بڑھے۔ سپریم کورٹ جے آئی ٹی بنائے جو علیمہ خان کی بیرون ملک جائیدادیں سامنے لائے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات