Live Updates

بلاول بھٹو زرداری ، آصف علی زرداری کی ہدایت پر عوام کی خدمت کرتے رہیں گے،مراد علی شاہ

سندھ کے عوام نے سازشوں کے باوجود اکثریت سے پیپلز پارٹی کو کامیاب کیا اورہم نے مخالفین کو شکست دی،وزیراعلیٰ کا جلسے سے خطاب

ہفتہ 12 جنوری 2019 18:53

بلاول بھٹو زرداری ، آصف علی زرداری کی ہدایت پر عوام کی خدمت کرتے رہیں ..
کوٹری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2019ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کوٹری میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم چاہتے تھے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری دونوں پلوں کا افتتاح کریں لیکن یہ پروگرام جلسہ میں تبدیل ہوگیا۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آج یہاں ہزارواں کی تعداد میں لوگ بلاول بھٹو زرداری کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے پہنچے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب میں صوبائی مشیر برائے خزانہ تھا تو لوگوں نے کوٹری پل وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ سے منظور کروایا تھا، جب اس پر کام شروع ہوا تو لوگوں نے کہا جامشورو پل بننا چاہئے تو ٹریفک کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمارے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، آصف علی زرداری کی ہدایت پر عوام کی خدمت کرتے رہیں گے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے عوام نے سازشوں کے باوجود اکثریت سے پیپلز پارٹی کو کامیاب کیا اورہم نے مخالفین کو شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس علاقے میں پمپنگ اسٹیشن کو اپ گریڈ کر رہے ہیں۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ میں نے عمران خان کو خط لکھا تھا کہ فنڈز موجود ہیں جامشورو سڑک کو دو رویا کریں دیں، نہیں تو ہم خود یہ کام کریں گے، اب اس پر کام شروع ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ جلد تھانہ بولا خان سڑک بھی تعمیر کریں۔قبل ازیں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی کوٹری آمد کے موقع پر ان کا استقبال ایم پی اے ملک اسد سکندر، سکندر راہپوٹو اور دیگر معززین نے کیا۔ بعد ازاں کچھ دیر بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کوٹری پہنچے، جن کااستقبال وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھڑو، ایم پی اے ملک اسد سکندر، صوبائی وزیر سعید غنی اور معززین کی ایک بڑی تعداد نے کیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کوٹری میں دو اوور ہیڈ پلوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، ایم پی ایز ملک اسد سکندر، گیان چند، حنا دستگیر اور دیگر پارٹی رہنما موجود تھے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کوٹری اوور ہیڈ پل اور جامشورو اوور ہیڈ پل کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب کا انتظام کوٹری اوور ہیڈ پل پر کیا گیا تھا۔

کوٹری اوور ہیڈ پل کی تعمیر پر 1.3 بلین روپے کی لاگت آئی ہے،اس اوور ہیڈ پل کی لمبائی 1.09 کلومیٹر ہے، یہ پل ریلوے کراسنگ کے آپریشن پر 6.9 میٹر پر تعمیر کیا گیا ہے۔ کوٹری اوور ہیڈ پل پر کام 2016 میں شروع کیا گیا تھا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ریلوے لائن جامشورو پل کا بھی افتتاح کیا۔ یہ پل سندھ حکومت نے 1.3 بلین روپے کی لاگت سے تعمیر کیا ہے۔

اس پل پر کام کا آغاز جون 2017 میں کیا گیا تھا اور ایک سال کے اندر جون 2018 میں کام کو مکمل کیا گیا۔ اس پل کی تعمیر میں 28 اسپنز، 166 شہتیر ، 205 پائلز(ہر پائل 100 ایم ایم)پر مشتمل ہے۔اس موقع پر وزیرراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اس پل کی تعمیر سے پھاٹک پر ٹریفک جام کا بڑا مسئلہ حل ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پل یونیورسٹی ، انڈس ہائی وے ،کراچی اور دادو کے ٹریفک کی ضروریات کو پورا کرتا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات